گال ٹیسٹ کا دوسر اروز‘ سری لنکن ٹیم مشکلات کا شکار‘ 154پر 5وکٹیں گنوادیں

135

گال (جسارت نیوز) بھارتی کرکٹ ٹیم نے گال ٹیسٹ میں رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 600 رنز بنائے۔ چیتشوار پجارا نے 153 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ اجنکیا راہانے اور ہاردیک پانڈیا نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ نوان پردیپ نے 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ بڑے مجموعے کے سامنے سری لنکن بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور کھیل کے اختتام پر اس کی 154 رنز پر 5 وکٹیں گر گئیں۔ اپل تھرنگا 64 رنز بنا سکے جبکہ اینجلو میتھیوز 54 رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں۔ آئی لینڈرز کو فالو آن سے بچنے کیلئے مزید 246 رنز کی ضرورت ہے۔ محمد شامی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ گال میں ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارت نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 399 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو چیشوار پجارا 144 اور اجنکیا راہانے 39 رنز پر کھیل رہے تھے۔ پجارا 153 رنز کی شاندار اننگز کھیلی انہیں نوان پردیپ نے آئوٹ کیا۔ اجنکیا راہانے 57، ہاردیک پانڈیا نے 50، ایشون نے 47 اور محمد شامی نے 30 رنز بناکر ٹیم کی پوزیشن کو مزید بہتر کیا۔ وردھیمن ساہا 16 اور روندرا جدیجا 15رنز بنا سکے۔ اس طرح بھارت کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 600 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ نوان پردیپ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 وکٹیں حاصل کیں۔ سری لنکا کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی، دوسرے روز کھیل کے اختتام پر آئی لینڈرز نے 154 رنز پر 5 وکٹیں گنوا دیں۔ دیمتھ کرونا رتنے 2 ، اپل تھرنگا 64 ، گوناتھلکا 16 ، کوسال مینڈس صفر اور نروشن ڈکویلا 8 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ اینجلو میتھیوز 54 اور دلروان پریرا 6 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ محمد شامی نے 2 جبکہ امیش یادیو اور ایشون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔