شاہد خاقان عباسی نے متحدہ عرب امارات کا “اقامہ ـ”رکھنے کا اعتراف کر لیا

124

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے متحدہ عرب امارات کا اقامہ حاصل کر رکھا ہے۔شاہد خاقان عباسی نوازشریف کابینہ کے چوتھے رکن ہیں جنہوں نے عرب ممالک کے اقامے(ورک پرمٹ)حاصل کر رکھے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ بالکل درست ہے کہ میں نے متحدہ عرب امارات کا اقامہ حاصل کر رکھا ہے تاہم انہوں نے اپنے کفیل کا نام بتانے سے گریز کیا ہے اور نہ کمپنی کا نام بتایا ہے جس میں وہ ملازمت کرتے ہوں گے۔وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزیرخواجہ آصف اور وفاقی وزیر احسن اقبال کے بعداب و فاقی وزیرشاہد خاقان عباسی نے بھی اقامہ رکھنے کا اقرار کر لیا ہے۔علاوہ ازیںشاہد خاقان عباسی نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ کشمالہ طارق ان کے فلیٹ میں رہائش پذیر ہیں۔شاہد خاقان عباسی کا یہ فلیٹ پارلیمنٹ لاجز میں موجود ہے۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ان سے کشمالہ طارق نے کرایہ پر یہ فلیٹ حاصل کر رکھاہے تاہم اس فلیٹ کا کرایہ سی ڈی اے وصول کرتا ہے جبکہ گیس اور بجلی کے بل سوئی ناردرن گیس کمپنی اور آئسکو وصول کرتا ہے۔یہ فلیٹ شاہد خاقان عباسی کے نام 2013ء کے عام انتخابات کے بعد پارلیمنٹ لاجز میں الاٹ ہوا تھا اور کشمالہ طارق گزشتہ3برس سے اس فلیٹ میں رہائش پذیر ہیں۔سی ڈی اے حکام نے بتایا ہے کہ کوئی بھی ایم این اے یا سینیٹر پارلیمنٹ لاجز میں الاٹ کیا گیا فلیٹ آگے کرایہ پر نہیں دے سکتا اس لیے شاہد خاقان عباسی کا یہ اقدام انتہائی غیر قانونی اور غیر اخلاقی بھی ہے۔