ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کا رقبہ دگنا کریں گے‘ میئرکراچی

165

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کو پاکستان کا مثالی ٹینکرز ٹرمینل بنائیں گے تاکہ دوسرے صوبے بھی اس کی مثال دیں ،یہ کراچی کے مسائل کے حل کے حوالے سے بہت بڑی پیش رفت ہے، ٹرمینل کے آغاز کے لیے عدالت عظمیٰ کے احکامات اور وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے مالی تعاون کے لیے شکرگزار ہیں، کراچی کے شہریوں کے لیے آج کا دن انتہائی اہمیت کا حامل اور تاریخی دن ہے کیونکہ شہر کا ایک دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا ہے،جو بھی مسائل ہیں انہیں مل بیٹھ کر حل کریں گے اور اس ٹرمینل کو 200 ایکڑ کے بجائے 400 ایکڑ تک لے جائیں گے، کراچی آج بھی سب سے زیادہ ریونیو جمع کرنے والا پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہے،وفاقی حکومت کو ٹیکسوں کی مد میں اربوں روپے کراچی سے حاصل ہوتے ہیں لہٰذا وفاقی و صوبائی حکومتیں مسائل کے حل کے لیے وسائل فراہم کریں، یہ بات انہوں نے جمعرات کی شام ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کا افتتاح کرنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹر ارشد عبداللہ وہرا، ایڈیشنل ہوم سیکرٹری ڈاکٹر بدر الدین، میونسپل کمشنر ڈاکٹر اصغر عباس، سٹی کونسل کے پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، ورکس کمیٹی کے چیئرمین محمد حسن، منیجنگ ڈائریکٹر PSO عمران الحق شیخ، جنرل سیکرٹری آل پاکستان ٹینکرز ایسوسی ایشن حنیف کاکڑ، جنرل سیکرٹری ایڈیبل آئل ایسوسی ایشن بختاور، جی ایم آپریشن افتخار صدیقی، سینئر ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ مختار حسین، جی ایم سیکورٹی PSO غلام حسین گھمن، میڈم شمائلہ، کیپٹن ریٹائرڈ آصف امان اللہ زرداری، کنٹریکٹر سلیم احمد خان، شاپ کیپرزایسوسی ایشن کے ارکان، آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران اور کے ایم سی کے دیگر افسران بھی موجود تھے،قبل ازیں میئر کراچی وسیم اختر ازخود آئل ٹینکر ڈرائیو کرتے ہوئے ٹرمینل پہنچے جہاں انہوں نے تختی کی نقاب کشائی کرکے ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کا افتتاح کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں سے آئل ٹینکرز کو ذوالفقار آباد ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل منتقل کرنے کا آغاز ہورہا ہے، اس ٹرمینل پر آئل ٹینکرز مالکان ، ڈرائیورز اور دیگر متعلقہ افراد کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کردی گئی ہیں اورPSO نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آگے چل کر یہاں پیٹرول پمپ بھی قائم کردیا جائے گا، ہم نے اس ٹرمینل کو فعال کردیا ہے، اب یہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن اور دیگر متعلقہ افراد کی ذمے داری ہے کہ اسے جلد از جلد آباد کریں ۔