برازیل: جیل میں ہنگامہ آرائی کے دوران 4قیدی مارے گئے

146

برازیلیا (انٹرنیشنل ڈیسک) برازیل کی جیل میں ہونے والے ہنگاموں میں 4 قیدی ہلاک ہو گئے، جن میں سے ایک کا سر قلم کر دیا گیا۔ حکام نے بتایا ہے کہ وسطی ریاست گوئیاس کی ایک جیل میں ہنگاموں کے دوران 9 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن میں سے 4 مفرور ہیں۔ جیل میں ہنگامہ بدھ کی سہ پہر شروع ہوا تھا اس دوران قیدیوں نے انتظامی عمارت کو آگ لگا دی اور سیکورٹی عملے کی گاڑی تباہ کر دی۔ یہ واقعہ جسارا نامی شہر کی جیل میں پیش آیا۔ جیل حکام نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قیدیوں نے4 قیدیوں کو ہلاک کیا۔ ان میں سے 2 کو زندہ جلا دیا گیا جب کہ ایک قیدی کی گردن اڑا دی گئی۔ بیان کے مطابق 9 قیدی فرار ہو گئے اور انہوں نے سیکورٹی اہل کاروں سے اسلحہ بھی چھین لیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ان میں سے 5 قیدیوں کو 24 گھنٹوں کے اندر دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جیل میں لڑائی جرائم پیشہ گروہوں سے تعلق رکھنے والے حریف گروپوں کے درمیان ہوئی۔ برازیل کی زیادہ تر جیلوں میں گنجائش سے کہیں زیادہ قیدی رکھے گئے ہیں اور منشیات کے حریف گروہوں سے تعلق رکھنے والے قیدیوں کے درمیان لڑائی جھگڑے معمول بن چکے ہیں۔ رواں برس کے آغاز سے اب تک ان لڑائیوں میں 140 قیدی مارے جا چکے ہیں۔ برازیل میں جیلوں کی تعداد 2766 ہے جن میں 62200 سے زیادہ قیدی رکھے گئے ہیں۔ برازیل قیدیوں کی تعداد کے اعتبار سے دنیا کا چوتھا سب سے بڑا ملک ہے۔
برازیل ؍ جیل