حہدر آباد حیسکو عملے کی بھتا خوری کے خؒ اف سماجی تنظیم کا احٹجاج

155

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) حیسکو کی جانب سے ناقص ٹرانسفارمرز کی تنصیب اور خرابی کی وجہ سے پھلیلی پریٹ آباد کے متعدد ٹرانسفارمرز خراب ہونے سے تاریکی میں ڈبو دینے کے خلاف انسان دوست فاؤنڈیشن کے تحت حیسکو پھلیلی ڈویژن آفس ٹنڈوآغا میں بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں حیسکو کی خراب ٹرانسفارمرز کی تبدیلی کے لیے حیسکو کی بھتا خوری کے خلاف اور تمام ناکارہ ٹرانسفارمرز کی جگہ نئے ٹرانسفارمرز کی تنصیب کے لیے شدید نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر انسان دوست فاؤنڈیشن کے چیئرمین نعیم نورانی ، جہانگیر ،شاہد قریشی ، فیصل راجپوت اور دانش قریشی ودیگر نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے حیسکوانتظامیہ کی پرزورمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیسکو کا عوام سے رویہ انتہائی توہین آمیز، ہتک آمیزاور ظالمانہ ہے، ناقص ٹرانسفارمرز اپنی مدت پوری کرنے کے باوجود عوام سے ہزاروں روپے جمع کرکے مرمت کرکے تنصیب کیے جارہے ہیں اور خرابی کے بعد کئی کئی روز علاقوں کو تاریکی میں ڈبونا معمول بنادیا گیا ہے اور عوامی رابطے پر ایس ڈی او، ایکسئین کال ریسیو کرنا توہین سمجھتے ہیں جوکہ انسانی حقوق کی بدترین توہین ہے۔ پریٹ آباد سب ڈویژن میں کرپٹ میٹر ریڈرز کو فری ہینڈ دے دیا گیا ہے جس کے تحت میٹر ریڈرز سے ماہوار رشوت کی سیٹنگ نہ کرنے والے شہریوں پر ڈیڈیکشن لگانے اور درست میٹرز کوخراب قرار دے کر تیز رفتار میٹرز نصب کیے جارہے ہیں ، جبکہ پانچ سو سے دوہزار ماہوار رشوت دینے پر میٹر ریڈرز کئی ائرکنڈیشنڈ ڈائریکٹ چلانے کی سہولت فراہم کررہے ہیں۔ جبکہ ایماندار ی سے بجلی استعمال کرنے والوں کو کم بجلی استعمال کرنے پر بجلی چور قرار دیکر اضافی رقوم پر مشتمل بل لگا کرمیٹر ریڈرز کی کرپشن کے یونٹس پورے کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 80 فیصد بجلی حیسکو اہلکاروں سے ملی بھگت کرکے چوری کی جارہی ہے اور بجلی چوری کرانے میں ملوث حیسکو اہلکاروں کو فوری برطرف کرکے ان کے تمام اثاثوں کو قومی تحویل میں لیا جائے تب ہی بجلی چوری کا خاتمہ ممکن ہے ، حیسکوکو فوری طور پر پرائیوٹائز کیا جائے کیونکہ حیسکو کے بے لگام اہلکاروں نے صارفین کی زندگی اجیرن کردی ہے۔