مشرقی غوطہ میں امدادی قافلہ داخل

244

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام کے دارالحکومت دمشق کے نواحی علاقے مشرقی غوطہ میں کئی برس بعد امدادی قافلہ داخل ہوا ہے۔ عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کے وفد کی قیادت میں طبی امداد لانے والا یہ قافلہ مخیم الوافدین گزرگاہ سے مشرقی غوطہ میں جمعرات کے روز داخل ہوا۔ اس سے 2 روز قبل بھی مشرقی غوطہ میں خوراک پہنچائی گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق 5 ٹرکوں پر مشتمل یہ قافلہ مشرقی غوطہ کے بڑے شہر دوما پہنچا جہاں ہزاروں افراد کئی برس سے محصور ہیں۔ امدادی سامان میں طبی آلات اور ادویہ شامل ہیں۔ واضح رہے کہ کئی برس سے اسدی فوج کے ہاتھوں محصور مشرقی غوطہ کے ہزاروں شہریوں کو اس امدادی سامان کی فراہمی روس کی جانب سے چند روز قبل جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے بعد شروع ہوئی ہے۔ روس کا دعویٰ ہے کہ یہ معاہدہ قاہرہ میں مصری حکومتکی ثالثی کے نتیجے میں روس اور شامی مزاحمتی تنظیموں کے درمیان طے پایا ہے۔ تاہم جنگ بندی کے اعلان اور بعد ازاں امدادی سامان کی ترسیل کے باوجود اسدی اور روسی افواج مشرقی غوطہ میں کئی رہایشی مقامات کو فضائی حملوں کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ اسدی اور روسی افواج کی اس بم باری کے خلاف جمعہ کے روز مشرقی غوطہ میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا، جس میں عوام نے اس معاہدے کو ایک ڈھونگ قرار دیتے ہوئے فضائی حملے روکنے کا مطالبہ کیا۔
مشرقی غوطہ