نوازشریف کے بعد عمران خان کے ساتھیوں کا احتساب ہونا چاہیے، جہانگیر جونیجو

290
سانگھڑ (نمائندہ جسارت) پیپلز پارٹی ضلع سانگھڑ کے صدر علی حسن ہنگورجو جنرل سیکرٹری جہانگیر جونیجو، انفارمیشن سیکرٹری شکیل مری کی جانب سے پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری کی 62 ویں سالگرہ کی تقریب جونیجو فارم ہاؤس میں منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ضلع کونسل کے چیئرمین خادم حسین رند تھے جبکہ بڑی تعداد میں پارٹی عہدیداروں، ممبران ضلع کونسل، نیشنل پریس کلب کی پوری ٹیم و معززین نے شرکت کی۔ اس موقع پر معززین و عہدیداروں نے سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر علی حسن ہنگورجو کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کی حکمت عملی کے تحت نواز شریف حکومت میں موجود تھے، جب آصف علی زرداری نے گو نواز گو کا نعرہ لگایا، تب نواز سرکار کو گھر جانا پڑا، اب پیپلز پارٹی پورے ملک میں عوام کی حکمرانی کرے گی۔ بلاول زرداری ملک کے وزیر اعظم بنیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق کی سطح پر احتساب کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کے خلاف 70ء کی دہائی سے احتساب ہورہا ہے، ہم احتساب کے مقدمات سے بری ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب عمران خان کے احتساب کی باری ہے، وہ اس خوش فہمی میں نہ رہیں کہ ان کے حوالے حکومت ہوجائے گی۔ پاکستانی قوم کے دلوں میں آج بھی بھٹو زندہ ہے، ہم بھٹو ازم کے تحت سیاست کرتے ہیں۔ ضلعی جنرل سیکرٹری جہانگیر جونیجو کا کہنا تھا کہ ہم احتساب کے لیے تیار ہیں، ہم بارہا احتساب کے دور سے گزر چکے ہیں، اب نواز سرکار کے بعد عمران خان کے ساتھیوں کا احتساب ہونا چاہیے۔ ضلعی چیئرمین خادم حسین رند کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے احتساب کے بعد نچلی سطح پر بھی احتساب کے دروازے کھلیں گے۔