لندن( آن لائن ) پاناما کیس میں عدالت عظمیٰ کی جانب سے نواز شریف کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل برطانیہ نے بھی ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا گیا کہ برطانیہ میں شریف خاندان کے اثاثوں کی چھان بین کی جائے اور انہیں پاکستان کو واپس لوٹانے کا انتظام کیا جائے۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل برطانیہ کے ڈائریکٹر آف پالیسی ڈنکن ہیمس نے اپنے بیان میں نواز شریف کی نااہلی پر ادارے کا باضابطہ ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ غیر ممالک سے لوٹی گئی دولت سے برطانیہ میں بنائے گئے اثاثوں کو ان ممالک کے لوگوں کو واپس لوٹانے کے لیے فوری کارروائی کی جائے۔ جب تک برطانوی حکومت اس کام کے لیے تمام ضروری اقدامات بروئے کار نہیں لاتی تب تک ان کا ملک دنیا بھر سے لائی گئی ’’غلیظ دولت‘‘ جمع کرنے والوں کا محفوظ ٹھکانہ بنا رہے گا۔ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے اپنے بیان میں 2016ء کے ’’لندن اینٹی کرپشن سمٹ‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس اجلاس میں خود برطانوی حکومت نے کہا تھا کہ غیرملکی کمپنیوں کے اصل مالکان کا باقاعدہ اور قانونی ریکارڈ رکھا جائے گا اور اس مقصد کے لیے ضروری قانون سازی بھی ایک سال میں مکمل کرلی جائے گی لیکن حکومت برطانیہ نے اس بارے میں تاحال کچھ بھی نہیں کیا ہے۔