اسلام آباد (اے پی پی) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا اللہ نے کہا ہے کہ سی پیک کو کامیابی سے ہمکنا ر کرنے کے لیے ہم درپیش خطرات سے آگاہ اور ان سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا ہوگا‘ ملکی دفاع کے لیے ایک موثر، مضبوط اور خودکفیل بحریہ وقت کی اہم ضرورت ہے‘ تیز رفتار اور جدید ترین میزائل کرافٹس کا حصول سمندر میں بروقت اور فوری رد عمل کی صلاحیت میں اضافے کے لیے ضروری ہے جوکہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وہ جمعے کو پاکستان نیوی ڈاکیارڈ میں پاک بحریہ کے لیے کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں تعمیر کردہ فاسٹ اٹیک (میزائل) کرافٹ پی این ایس ’ہمت‘ کی کمیشن نگ اور پاک بحریہ میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے کہا کہ یہ ایک اہم موقع ہے جب ملکی وسائل سے تیار کردہ دوسری فاسٹ اٹیک میزائل کرافٹ پاکستان نیوی فلیٹ میں شامل کی جارہی ہے‘ کراچی شپ یارڈ میں پی این ایس’ ہمت ‘ کی کامیاب تکمیل پاک بحریہ، کراچی شپ یارڈ اور چائنا اسٹیٹ شپ بلڈنگ اینڈ آف شور کمپنی کے لیے باعث فخر ہے۔ نیول چیف نے کہا کہ سی پیک وطن عزیز کے لیے ترقی اور خوشحالی کا پیغام ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ کچھ نئے خطرات بھی جنم لے رہے ہیں‘ پاکستان کی دفاعی حکمت عملی پر امن بقائے باہمی پر مبنی ہے تاہم موجود ہ جغرافیائی اور دفاعی صورتحال میں ہم ملکی دفاع پر سمجھوتا نہیں کرسکتے۔ واضح رہے کہ پی این ایس ’ہمت ‘63 میٹر لمبی فاسٹ اٹیک کرافٹ ہے جو اسٹیٹ آف دی آرٹ ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہے اس منصوبے کی ایک خصوصی اہمیت یہ بھی ہے کہ اس میں مقامی طورپر تیار کردہ میزائل سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ اس کرافٹ میں دیگر ہتھیار اور سینسر ز بھی نصب کیے گئے ہیں جن کی بدولت رفتار اور دشمن کے لیے خطرناک ہونے کے اعتبار سے اس کرافٹ کا کسی بھی جدید بحری ہتھیار سے مقابلہ کیا جاسکتا ہے ۔