اسلام آباد( خبرایجنسیاں +مانیٹرنگ ڈیسک ) پاناما فیصلے کے بعد ن لیگ نے سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صادق اور امین کی کہانی اب وہاں تک جائے گی جہاں سے فیصلے ہوتے ہیں۔پارٹی رہنماؤں کے بقول پاناما کیس میں ہمارے ساتھ انصاف نہیں ہوا‘ یہ تاریخی نہیں بلکہ ایک تاریک دن ہے‘ سازشیوں نے ہمارے خلاف دھرنا ون اور دھرنا ٹو کرایا ‘ عمران خان کی حیثیت صرف مہرے کی تھی‘ اداروں کی مداخلت بہر صورت روکنا ہوگی ‘ اس بار چھوٹا نہیں بلکہ بڑا فیصلہ کریں گے ‘ اس حوالے سے اپنے سربراہ نوازشریف کو کہہ دیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج بظاہر ہم ایک فیصلہ ضرور ہارے ہیں،اگر پاکستان کے سیاسی جمہوری پس منظر میں دیکھا جائے تو آج کے فیصلے سے حیرانی نہیں ہوئی افسوس ضرور ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف عوام سے ہمیشہ سرخرو ہوئے ہیں، ’تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ سیاست میں اور دوسرے طریقوں سے جب نواز شریف کو پاکستان کے سیاسی منظر سے ہٹایا گیا، تاریخ اور پاکستانی عوام پہلے سے زیادہ تعداد میں انہیں واپس پارلیمان میں لے کر آئی۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’فیصلے کی تفصیلات دیکھیں گے اور آئینی و قانونی ماہرین سے مشورہ کر کے لائحہ عمل طے کریں گے۔بیرسٹر ظفراللہ،سعدرفیق،شاہد خاقان عباسی،احسن اقبال ، زاہد حامد نے پاناما کیس کے فیصلے کے بعدمشترکہ پریس کانفرنس بھی کی ۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان محض شو بوائے ہیں، ‘ہمارے ساتھ یہ پہلی بارنہیں ہوا۔ خان صاحب بغلیں نہ بجائی چند دنوں میں آپ بغلیں جھانکیں گے۔ ‘صادق اور امین کی کہانی اب چلے گی، یہ صرف سیاستدانوں تک نہیں رہے گی بلکہ وہاں تک جانی چاہیے جہاں سے فیصلے ہوتے ہیں۔ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا ‘ہم عوام کی عدالت میں جائیں گے ہمیں عوام سے رابطہ کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ ‘ہم اپنے کارکنوں کو کہتے ہیں کہ تحمل سے کام لیں۔ اداروں کا تقدس قائم رہے۔احسن اقبال نے کہا کہ عدالتی فیصلہ کھودا پہاڑ نکلا چھوہا اور وہ بھی مرا ہوا کے مترادف ہے۔