صرف منتخب حکمراں پاناما پیپرز کا شکار بنے، باقی تاحال محفوظ

111

اسلام آباد(صباح نیوز)اپریل2016ء میں جرمن اخبار نے پاناما پیپرزکے بارے ایک رپورٹ جاری کی جس کے بعد پوری دنیا میں پاناما لیکس اور آف شور کمپنیز کا جن بوتل سے باہر آگیا۔اس کے اثرات پاکستان سمیت کئی ممالک میں دیکھے گئے، دنیا کی کئی اہم شخصیات کے نام پاناما پیپرز کا حصہ رہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے سیاسی افق پر بڑے پیمانے پر ہلچل دیکھنے میں آئی۔ اس شائع کردہ رپورٹ میں کئی سربراہان مملکت، معروف کھلاڑیوں اور سیاستدانوں سمیت اہم شخصیات کی آف شور کمپنیز سامنے آئیں، جن میں سابق وزیراعظم پاکستان وزیر اعظم نوازشریف کے 3 بچوں حسین نواز، حسن نواز اور مریم نواز ،سابق وزیر اعظم پاکستان بے نظیر بھٹو،سابق وزیر داخلہ رحمان ملک، عالمی سربراہان میں ملائشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق، یوکرائن کے صدر پیٹروپوروشینکو، سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان،سابق امیر قطر حماد بن خلیفہ، صدر متحدہ عرب امارات اور ابوظہبی کے خلیفہ بن زید ، سابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون،بھارتی اداکار امیتابھ بچن اور ان کی بہو ایشوریہ رائے بچن،عالمی شہرت یافتہ چائنیز اداکار جیکی چن اور معروف فٹبالر لیو میسی کا نام شامل ہے۔