عالمی ادارے کشمیر یوں سے غیر انسانی سلوک پر توجہ دیں،صلاح الدین

98

مظفر آباد(صباح نیوز)متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے مظفر آباد میں متحدہ جہاد کونسل کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کی وجہ سے بھارتی حکمران اور پالیسی ساز مایوسی اور بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے حریت قائدین اور کارکنوں کے گھروں اور دفاتر پر آئے روز چھاپے اور گرفتاریاں کو گھبراہٹ کا نتیجہ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے زرخرید میڈیا اورخفیہ ایجنسیوں کے ذریعے حریت قائدین کی کردار کشی کی مہم دراصل حریت قیادت کو عوامی حلقوں میں غیر مؤثر و غیر معتبر بنانے کی ایک سازش ہے ، جو کسی بھی صورت میں کا میاب نہیں ہوگی۔ جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنماؤں اور کارکنوں با لخصوص آسیہ اندرابی اور مسرت عالم کی تیزی سے گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور عالمی اداروں کو کشمیری نظربندوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی طرف متوجہ کیا۔