عدالت عظمیٰ کا فیصلہ سب کو ماننا چاہیے،تحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار

162

کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ سب کو ماننا چاہیے ، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ نوازشریف ، اسحاق ڈار اور دیگر کی عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے مطابق نااہلی ایک غیر معمولی فیصلہ ہے ، وزیراعظم کی نااہلی کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس فی الفوربلا کر نئے وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لانا چاہیے، پاکستان میں سب سے زیادہ کرپشن صوبہ سندھ میں ہے اس نازک موقع پر حکومت سندھ کی جانب سے احتساب سے بھاگنے کا عمل انتہائی تشویشناکہے، عدالت عظمیٰ کو اس کا بھی سوموٹو ایکشن لینا چاہیے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعے کو بہادرآباد میں واقع ایم کیوایم (پاکستان ) کے عارضی مرکز پر عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے بعد پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختراور رابطہ کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے ۔ فاروق ستار نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ اب بدعنوانی یا اس جیسے دیگر الزامات جن جن لوگوں پر ہیں ان کا بھی احتساب ہوگا ، محض عدالت عظمیٰ پر احتساب کے لیے انحصار نہیں کیا جانا چاہیے ، لوگوں کی توقعات بہت بڑھ گئی ہیں عدالت عظمیٰ سے یہ بھی توقع ہے کہ وہ اسی طرح کے عمل کو قائم رکھ کر بدعنوانی ، لوٹ کھسوٹ ،ٹیکس چوری ، منی لانڈرنگ جیسے الزامات جن لوگوں پر بھی ہیں ان کو بھی احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کرے گی ۔جن لوگوں نے قرضے لے کر معاف کرائے ہیں انہیں بھی نااہل قرار دیاجانا چاہیے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ احتساب کا عمل کسی ایک فرد ، حکومت اور جماعت تک محدودنہیں رہنا چاہیے ، ہم نے واضح کیا ہے کہ کرپشن یا اسی طرح کے دیگر الزامات جن لوگوں پر بھی ہیں ان کا احتساب ہونا چاہیے ۔