مشعال قتل کیس کو مردان سے ہری پور منتقل کرنے کی ہدایت

121

پشاور (صباح نیوز) پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے مشعال خان قتل کیس مردان سے ہری پور جیل کی انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) منتقل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس اشتیاق ابراہیم پر مشتمل 2رکنی بینچ نے کیس مردان سے منتقل کرنے کی درخواست کی سماعت کی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل میاں ارشاد نے عدالت کو بتایا کہ صوبے کے کسی بھی ضلع میں کوئی سیکورٹی خطرہ نہیں ہے، تاہم خیبر پختونخوا حکومت شفاف ٹرائل کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری سیکورٹی اقدمات اٹھائے گی دلائل سننے کے بعد بینچ نے مشعال خان قتل کیس انسداد دہشت گردی عدالت ہری پور منتقل کرنے کا حکم دیدیا۔ واضح رہے مشعال خان کے والد محمد اقبال خان نے درخواست کی تھی کہ مردان یونیورسٹی میں مشعال خان کے ہولناک قتل کے بعد اسی علاقے میں یہ کیس چلانا علاقے کی امن و امان کی صورتحال کو خراب کر سکتا ہے۔