ملک دشمن قوتیں ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے میں کامیاب ہوگئیں ن لیگ

149

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے خلاف اور میاں محمد نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ، ریلیاں اور مذمتی اجلاس کیے گئے اور نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے گئے۔ مسلم لیگ ن میرپورخاص کی جانب سے عدالت عظمیٰ کے پاناما کیس میں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو نا اہل قرار دینے کے فیصلے کے خلاف کیے جانے والے احتجاجی مظاہرے میں شامل کارکنان نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور نواز شریف کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور مظاہرین ہم سب کا وزیر اعظم نواز شریف کے نعرے بھی لگاتے رہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ نواز کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری آصف معراج راجپوت، سجاد احمد ، زاہد قائم خانی اور دیگر کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر جتنا بھی افسوس کیا جائے وہ کم ہے کیونکہ عدالت عظمیٰ کے تینوں ججوں نے وزیر اعظم کے خلاف فیصلہ نہیں دیا بلکہ پاکستان کی ترقی ،خوشحالی ،سی پیک ،امن و امان اور 20 کروڑ عوام کے خلاف فیصلہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ اس کیس کا اسکرپٹ پہلے ہی لکھا جا چکا ہے ججوں نے تو صرف اسے پڑھ کر سنانا ہے۔ عدالت عظمیٰ پاناما کے کیس کی سماعت کر رہی تھی اور جے آئی ٹی بھی پاناما پر بنی تھی لیکن فیصلہ اقامہ پر دیا گیا۔ علاوہ ازیں عدالت عظمیٰ کے فیصلے اور وزیرا عظم میاں محمد نواز شریف کی نااہلی کے خلاف مسلم لیگ نوازیوتھ ونگ میرپورخاص ڈویژن کے تحت ڈویژنل سیکرٹریٹ ایک مذمتی اجلاس ہوا اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ کے رہنما ملک راجا عبدالحق، ملک عبدالغفار اور دیگر نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کی جانب سے کیا گیا فیصلہ ملک کے غریب عوام کے جذبات کی عکاسی نہیں کرتا ہے بلکہ ملک اور عوام کے ساتھ نا انصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک دشمن قوتیں پاکستان کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے میں کامیاب ہوگئی ہیں مگر وہ اپنی سازشوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ مسلم لیگ نواز کے نئے آنے والے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے وژن کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ ڈیڑھ کروڑ سے زائد ووٹ لیکر وزیر اعظم منتخب ہونے والے وزیر اعظم کو صرف ایک نقطے پر نا اہل کر دیا گیا اور اب صادق اور امین کا معاملہ اب صرف نواز شریف پر ہی ختم نہیں ہوگا۔ خان صاحب سمیت ملکی دولت لوٹنے والے سیاستدان ، ادارے اور وہ ادارے بھی جہاں فیصلے ہوتے ہیں ان میں بھی صادق اور امین تلاش کیا جائے گا۔ اس موقع پر میاں محمد نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔