پاناما کیس کا فیصلہ قانون کی فتح ہے،علامہ ناصرعباس

151

کراچی (اسٹاف رپورٹر)مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجاناصر عباس جعفری نے پاناما کیس کے فیصلے کو انصاف اور قانون کی فتح قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہعدالت عظمیٰاور جے آئی ٹی نے جرات مندانہ کردار کا مظاہرہ کیا۔عدالت عظمیٰ کے اس فیصلے سے عدلیہ کا وقار بلند ہوا ہے۔پانامااسکینڈل بدعنوان حکمرانوں کے لیے اللہ تعالیٰ کی پکڑ ثابت ہواہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کا خاندان خود کو عوامی نمائندے سمجھنے کے بجائے ملک کا بادشاہ تصور کرنے لگاتھا۔شریف خاندان کی رعونت ، بدعنوانی اور انتظامی نا اہلی ان کی رسوائی کا باعث بنی۔انہوں نے کہا کہ جس بے رحمی سے قومی خزانے کو لوٹا گیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔میڈیا ،اختیارات اور طاقت کے بل بوتے پرعدالت عظمیٰ اور جے آئی ٹی کو دبانے کی کوشش کی گئی۔قومی خزانے کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی واپس لائی جائے اور اس کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی کرپشن ملک کی بدنامی کاباعث بنی ہے اور پاکستان کے وقار کو عالمی سطح پر دھچکا لگا ہے۔قانون و انصاف کا تقاضا ہے کہ کرپٹ عناصر کو ان کے کیے کی سزاملے۔انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے ورثا بھی انصاف کے منتظر ہیں ، جسٹس باقر نثار کی رپورٹ کو منظر عام پر لاکر اس سانحے کے ذمے داران کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ پاکستان کے استحکام اور ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ وطن عزیز میں کرپٹ نظام کی تبدیلی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔قائد و اقبال کے وطن کو ان کے خوابوں کی تعبیر بنانا ہو گا۔ کرپشن فری پاکستان ہر محب وطن کی حقیقی منزل ہے اور حالیہ فیصلہ اس منزل کی جانب پہلا قدم ہے۔ہم جمہوریت کے حامی ہیں اور ہر حال میں جمہوری عمل کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں، تاہم جمہوریت کے نام پر بادشاہت یا فرد واحد کی اجارہ داری کو قطعاََقبول نہیں کیا جا سکتا۔
علامہ ناصر عباس