حیدر آباد (نمائندہ جسارت) تعلیمی بورڈ حیدر آباد نے میٹرک سائنس و جنرل گروپ کے سالانہ نتائج کا اعلان کردیا، سائنس میں پہلی دونوں پوزیشن کیڈٹ کالج پٹارو کے طلبہ نے جبکہ تیسری پوزیشن کمپری ہینسیو اسکول کی طالبہ نے حاصل کی۔ دونوں گروپس میں حیدر آباد کے کسی امیدوار نے پوزیشن حاصل نہیں کی۔ نتائج کا اعلان تعلیمی بورڈ حیدر آباد کے آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں کیا گیا، جس کی صدارت بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد میمن نے کی۔ ناظم امتحانات ڈاکٹر مسرور احمد زئی نے نتائج کا اعلان کیا۔ نتائج کے مطابق میٹرک سائنس گروپ 2017ء کے امتحانات میں پہلی پوزیشن کیڈٹ کالج پٹارو کے طالبِ علم ارسلان خان ولد مختار احمد سیٹ نمبر 141339 نے 759 نمبر لے کر حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن بھی کیڈٹ کالج کے طالب علم حبیب اللہ ولد اللہ بخش سیٹ نمبر 141343 نے کل 757 نمبرز لے کر حاصل کی۔ تیسری پوزیشن کمپری ہنسیو گرامر ہائی اسکول ٹنڈو غلام علی کی طالبہ مسکان ولد رمیش کمار سیٹ نمبر 124367 نے 756 نمبرز لے کر حاصل کی جبکہ جنرل گروپ میں پہلی پوزیشن گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول گھارو ضلع ٹھٹھہ کے طالب علم سلطان علی ولد گل محمد سیٹ نمبر 167256 نے کل 680 نمبرز لے کر حاصل کی۔ دوسری پوزیشن گورنمنٹ ہائی اسکول غلام محمد پنجابی نوابشاہ کے طالب علم نصیر علی شاہ ولد نذیر علی شاہ سیٹ نمبر 167082 نے 663 نمبرز لے کر حاصل کی۔ تیسری پوزیشن گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ٹو بدین کی طالبہ زوبیہ ولد محمد یونس سیٹ نمبر 166404 نے کل 651 نمبرز لے کر حاصل کی۔ نتائج کے مطابق ایک اسکول کے سوا تمام ہی پوزیشن سرکاری اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے حاصل کی ہیں۔ اس موقع پر امتیازی حیثیت حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات میں بورڈ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد میمن نے تحائف اور سرٹیفیکٹ تقسیم کیے اور انہیں مبارک باد دی۔ واضح رہے کہ تعلیمی بورڈ حیدر آباد کے تحت ہونے والے ان امتحانات میں حیدر آباد شہر کے کسی بھی امیدوار نے پوزیشن حاصل نہیں کی۔