سندھ حکومت نیب کے قانون کو بدل کر احتساب سے بچنا چاہتی ہے

288
حیدر آباد (نمائندہ جسارت) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے قائم مقام صدر سید زین شاہ نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ درست ہے، تاہم اب ضرورت ہے کہ آہنی ہاتھ سندھ کے چوروں کی طرف بھی بڑھنا چاہئیں، جو عوام کی دولت لوٹ کر راتوں رات ارب پتی بن گئے ہیں۔ ملک و بیرون ملک ان کی اربوں روپے کی جائداد ہیں۔ حیدر آباد پریس کلب میں ڈاکٹر دودو مہری، روشن برڑو اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نیب کے قانون کو بدل کر احتساب سے بچنا چاہتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی موجودہ و سابقہ حکومت نے اربوں روپے کی سندھ میں کرپشن کی ہے۔ زرداری ٹولہ قومی خزانے کو دن و رات لوٹتا رہا ہے اور اب بیرونِ ملک اور اندرونِ ملک ان کی اربوں اور کھربوں کی جائداد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام دکھی ہیں اور مسائل و مشکلات سے دوچار ہیں، پورے صوبے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے سندھیوں کے نام پر پی پی نے لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے انہوں نے کہا کہ سندھ کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے عوام کو باہر نکلنا ہوگا۔