چینی کا زیادہ استعمال دماغی صحت کے لیے نقصان دہ

647

طبی ماہرین نے کہا ہے کہ چینی صرف آپ کے دانتوں کے لیے ہی نقصان دہ نہیں ہے بلکہ وہ آپ کی کمر کی موٹائی میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ دماغی صحت کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔

یونیورسٹی کالج لندن کے سائنس دانوں نے اپنی ایک تازہ رپورٹ میں دماغی صحت پر چینی کے مضر اثرات کا جائزہ لیا ہے۔ماہرین کی ٹیم نے برطانیہ میں اپنے طویل مدتی مطالعے کے دوران 8 ہزار سے زیادہ لوگوں کی خوراک میں شامل چینی کی مقدار اور ان کے موڈ کے تعلق پر تحقیق کی۔اس مطالعاتی جائزے میں 1985ء اور 1988ء سے سرکاری ملازموں کو سالانہ بنیادوں پر ایک سوال نامہ بھرنے کے لیے دیا گیا۔

ماہرین نے ان کی خوراک میں شامل چینی کی مقدار اور عمومی دماغی خلل مثلاً ڈیپریشن اور خوف اضطراب کے درمیان تعلق کا مطالع کیا۔ماہرین کی ٹیم کو پتا چلا کہ مردوں میں میٹھے کھانوں اور مشروبات کے استعمال میں اضافے کے پانچ سال بعد ان میں ڈپریشن اور خوف واضطراب کا مرض پیدا ہوا۔ جب کہ عورتوں اور مردوں دونوں کی دماغی صحت پر چینی کے زیادہ استعمال کے منفی اثرات دیکھنے میں آئے۔

سائنسی جریدے سائنٹیفک رپورٹس میں شائع ہونے والی اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کم مقدارمیں چینی استعمال کرنے والوں کی عمومی دماغی صحت بہتر رہی۔