اقتدار بچا نہ خاندانی وقار ،تکبر کے بت خاک میں مل گئے ، طاہر القادری

107

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمدطاہر القادری نے عدالت عظمیٰ کی طرف سے نواز شریف کو نا اہل قرار دینے کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے عدلیہ اور قوم کو مبارکباد دی ہے۔ سینٹرل کور کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان ظالموں نے کر سی بچانے کے لیے بے گناہ انسانی خون پانی کی طرح بہایا اور آج اقتدار بچا نہ خاندانی وقار ،تکبر اور غرور کے بت خاک میں مل گئے ۔ متفقہ فیصلہ آنے پر زیادہ خوشی ہے ،جے آئی ٹی کے تمام ارکان اور لارجر بینچ کے تمام معزز ججز نے ہم آواز ہو کر کہا کہ وزیر اعظم صادق اور امین نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے ایک خائن سے قوم کی جان چھڑائی ججز اور جے آئی ٹی ارکان نے قوم پر احسان کیا، اشرافیہ کی کرپشن کو بے نقاب کرنیوالے صحافی ،اینکر اور سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور وکلا بھی مبارکباد کے مستحق ہیں ۔یہ فیصلہ پاکستان کی ایک بڑی کامیابی ہے ۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اب سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے ورثا کو بھی انصاف ملے گا اور پنجاب کے قاتل ٹولے کو بھی پکڑا جائے گا ۔قوم صرف نواز شریف کی نا اہلی کا جشن منانے تک محدود نہ رہے بلکہ لوٹ مار کے اس نظام کو بدلنے کا مصمم ارادہ کرے۔