حسن علی کے بعد محمد حفیظ اور بابر اعظم کا بھی کیریبئین پریمیئر لیگ سے معاہدہ

241

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) چیمپئنز ٹرافی کی فاتح پاکستانی ٹیم کے 3 کھلاڑیوں بابراعظم، حسن علی اور محمد حفیظ سے کیریبیئن پریمیئر لیگ نے معاہدہ کرلیا۔ سی پی ایل 4 اگست سے شروع ہورہی ہے۔چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ فاتح ٹیم کے 3 کھلاڑیوں بابر اعظم، حسن علی اور محمد حفیظ سے کیریبیئن فرنچائز نے معاہدہ کرلیا ۔ رائزنگ اسٹار بابر اعظم کو گیانا امیزون نے آسٹریلیا کے زخمی کرس لن کی جگہ شامل کیا ہے۔کرس لن نے گذشتہ سیزن میں سی پی ایل میں 454 رنز اسکور کئے تھے۔ ٹیم راجر ہارپر نے کہا کہ بابراعظم، لن کا بہترین متبادل ثابت ہوں گے۔ وہ پاکستان ٹیم کی جانب سے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں 50 کی اوسط سے رنز اسکور کرچکے ہیں۔
جبکہ کراچی کنگز کے لئے انہوں نے 32 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں۔سینٹ کیٹس پیٹریاٹس نے ویسٹ انڈین آل راؤنڈر کیرن پولارڈ کی جگہ حسن علی اور آسٹریلیا کے بین کٹنگ کی جگہ محمد حفیظ کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ کیریبیئن پریمیئر لیگ 4 اگست سے 9 ستمبر تک کھیلی جائے گی۔ اس کے ابتدائی کچھ میچز امریکی شہر فلوریڈا میں بھی ہوں گے۔