شروعات ہوچکی اب بڑے بڑے ڈاکو پکڑے جائیں گے ،عمران خان

256

اسلام آباد/راولپنڈی ( آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پاناما فیصلے کے بعد اتوار کو یوم تشکر منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری اور نواز شریف کی ذاتی لڑائی نہیں تھی،عدلیہ چاہے تو طاقتور کا بھی احتساب ہو سکتا ہے،کوشش انسان کرتا ہے اور کامیابی اللہ دیتا ہے، قائداعظم کے پاکستان کی بنیاد رکھی گئی ہے،پاناما پیپرز کا فیصلہ آنے کے بعد اسلام آبادمیں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج ملکی تاریخ کا سب سے بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے جس میں قومی خزانہ لوٹنے والوں کو قانون کے ذریعے سزا ہوئی ہے۔انہوں نے کہا میں اللہ کا شکر گزار ہوں اور تحریک انصاف اتوار کو پریڈ گراؤنڈ میں یوم تشکر منائے گی میں سب پرانے دوستوں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ اس میں شریک ہوں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ آج علامہ اقبال کے خوابوں اور محمد علی جناح کی کوششوں کا پاکستان حاصل کرلیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں طبقاتی تقسیم موجود ہے، کمزور کے لیے یہاں قانون موجود ہے تاہم طاقت ور کے لیے علیحدہ قانون ہے۔ہم نے دھرنے کے 126 روز مشکل سے گزارے، ہمارے ملک میں طبقاتی قانون ہے، کمزور اور طاقتور کے لیے الگ الگ قانون ہے، میں نے 8دن جیل میں گزارے وہاں میں نے صرف غریب افراد کو دیکھا ۔ طاقت ور کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی ارکان قوم کے ہیرو ہیں۔ عدلیہ اور جے آئی ٹی ارکان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، عدلیہ نے ہمیں ایک امید دے دی ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ بڑے بڑے ڈاکو اسمبلیوں میں ہیں، عدلیہ چاہے تو طاقتور کا بھی احتساب ہو سکتا ہے، آصف زرداری کے دور میں کوئی مقدمہ نہیں بنتا تھا، فلیٹ کے لیے پیسہ ملک سے باہر گیا، اداروں کے سربراہ حکمرانوں سے ملے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا قوم بمباری سے نہیں، کرپشن سے تباہ ہوتی ہے، جو کام جے آئی ٹی کر گئی، مغرب بھی نہیں کر سکتا، اب قوم نے اپنے وسائل کی حفاظت کرنی ہے، آئندہ کرپشن کرنے والے 10 بار سوچیں گے، ابھی شروعات ہے، بڑے بڑے ڈاکوؤں کی باری آئے گی۔ کپتان نے پرانے کھلاڑیوں کو واپسی کی دعوت ہوئے کہا 21 سال پہلے جو ساتھ چلے تھے ان کوواپسی کی دعوت دیتا ہوں۔ دوسری جانب عوامی مسلم لیگ کے سربراہ ورکن قومی اسمبلی شیخ رشیداحمد نے پاناما کیس کے فیصلے کوآئین وقانون کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف کی بالادستی پر عدالت عظمیٰ اور جے آئی ٹی نے قوم کا سر بلند کر دیا ہے۔ لال حویلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مجھے اسمبلی سے نکالنے والے خود ہمیشہ کے لیے نااہل ہو گئے ۔ عدالتی فیصلے سے شہباز شریف اور حمزہ شہبازبھی خوش ہیں،اب چودھری نثار بھی اپنا استعفا پاس ہی رکھیں۔انہوں نے کہا کہ 13اور 14اگست کی درمیانی شب یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے لیاقت باغ میں عظیم الشان جلسہ عام میں نہ صرف راولپنڈی بلکہ پاکستان کے لیے نئے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ قوم کے لیے ہر جماعت کے پاس گیا کچھ جماعتیں جعلی اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے بدیانتی کرتی رہیں ہم عمران خان کے ساتھ مل کر نیا پاکستان بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں وکیل نہیں تھا لیکن عدالت نے میری استدعا کو مانا اور عظیم فیصلے میں میرا نام بھی لکھا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس بار پپو کو پانی پلا کر اور مٹھائی کھلا کر قربانی کی گئی۔