شہباز شریف نئے وزیراعظم نامزد نواشریف نے منظوری دے دی

172

اسلام آباد (خبرایجنسیاں +مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے اپنی نا اہلی کے بعد اپنے چھوٹے بھائی شہباز شریف کو نیا وزیراعظم نامزد کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کو وزیراعظم ہاؤس میں نوازشریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں اتحادی جماعتوں کے سربراہان، نمائندوں اور صدر آزاد کشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق مشاورتی اجلاس میں وفاقی کابینہ کے سابق اراکین عدالتی فیصلے پر خوب برسے اور انہوں نے نوازشریف کو کھل کر سامنے آنے اور سازشی عناصرکانام لینے کا مشورہ بھی دے ڈالا ۔ذرائع کے مطابق ن لیگ اب ججوں اور جرنیلوں کے احتساب کا بھی مطالبہ کرنے جارہی ہے جب کہ اہم عہدوں پر بھی تبدیلیاں ہوں گی۔اس موقع پر نوازشریف نے کہا کہ میری خالی ہونے والی نشست پر شہباز شریف کو انتخابات لڑاکر نیا وزیراعظم بنایا جائے ۔مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے نوازشریف کی تجویز سے اتفاق کیا جبکہ مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج ہفتے کو شام4بجے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے۔ پارلیمانی اجلاس میں عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرے گی۔ اجلاس میں نئے وزیراعظم کے نام کی توثیق بھی کی جائے گی اور 45دن کے لیے عبوری وزیراعظم کے لیے اسپیکر ایاز صادق، احسن اقبال، شاہد خاقان عباسی کے نام زیر غور ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے حمزہ شہباز اور رانا ثناء اللہ کے نام سامنے آ رہے ہیں ۔واضح رہے کہ چودھری نثار علی خان نے بھی چند روز قبل شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کی تجویز دی تھی اور مسلم لیگ (ن) کے اتحاد کے لیے بھی ضروری ہے کہ نیا وزیراعظم شریف خاندان سے ہی ہو۔ذرائع کے مطابق نئے وزیراعظم کے ساتھ صدر بھی نیا آئے گا، ممنون حسین خرابی صحت کا بہانہ بنا کراستعفا دے دیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں نواز شریف نے یہ بھی کہا کہ کاش !کوئی وزیر اعظم اپنی 5سال کی آئینی مدت پوری کرے ، جمہوریت کو تسلسل کے ساتھ چلتے دیکھنا چاہتا ہوں۔انہوں نے رہنماؤں کو ہدایت کی کہ ہمیں پیچھے نہیں ہٹنا بلکہ آگے بڑھناہے۔ن لیگ عوام کے دلوں میں بس چکی ہے۔بعد ازاں سابق وزیراعظم نواز شریف پنجاب ہاؤس منتقل ہو گئے۔