وزیراعظم کی نااہلی کرپشن سے پاک پاکستان کا آغاز ہے ،جماعت اسلامی حیدر آباد

175

حیدر آباد (نمائندہ جسارت) وزیراعظم کی نااہلی کرپشن سے صاف پاکستان کا آغاز ہے، عدالت عظمیٰ کا فیصلہ جماعت اسلامی کی گوکرپشن گوتحریک کی کامیابی ہے، ابھی چاول کا ایک دانہ چکھا ہے، پوری دیگ باقی ہے۔ بلاامتیاز اور سب کااحتساب جماعت اسلامی کا نعرہ ہے، عدالت عظمیٰ کے وزیر اعظم کے نااہلی کے متعلق فیصلے پر پوری قوم اظہار تشکر کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار رہنماؤں نے جماعت اسلامی ضلع حیدر آباد کی جانب سے وزیر اعظم کی نااہلی پر اظہارتشکرکرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی ضلع حیدر آباد حافظ طاہر مجید کی امامت میں اسٹیشن روڈ پرشکرانے کی نماز ادا کی گئی۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر مجید نے کہا کہ کرپشن کیخلاف جماعت اسلامی کی طویل اور تاریخی جدوجہد رنگ لے آئی ہے۔ پاناما مقدمے میں عدالت عظمیٰ نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق ودیگر کی درخواست کی سماعت کی اور جے آئی ٹی تشکیل دی، جماعت اسلامی نے آغاز سے 62,63 کے اطلاق کا آئینی مطالبہ کیا تھا، عدالتی فیصلے سے کرپشن کیخلاف تاریخی کامیابی ملی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم اور وزیر خزانہ کی نااہلی نقطہ آغاز ہے، اب دیگر کی باری آنا چاہیے۔ موجودہ اور سابق حکمرانوں، سیاست دانوں، ججوں، جرنیلوں، بیوروکریسی اور اشرافیہ سب کی فائل اوپن ہونی چاہیے۔ سب کا احتساب اور بلا تفریق احتساب ہی ملک کو کرپشن اور لوٹ مار سے نجات دلا سکتا ہے۔ جماعت اسلامی آج کے تاریخی فیصلے پر اظہار تشکر کرتی ہے اورعدالت عظمیٰ سے مطالبہ کرتی ہے کہ وزیراعظم سے شروع ہونے والا سلسلہ اپنے منطقی انجام تک پہنچنا چاہیے۔