پاناما فیصلے نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ سے غیر یقینی کیفیت ختم کردی

633
پاکستان اسٹاک

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاناما کیس میں وزیر اعظم میاں محمدنواز شریف کی نااہلیت پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ بدترین مندی کا شکار ہونے کے فوری بعد ہی سنبھل گئی ،ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 1600سے زائد پوائنٹس کم تو ہوا اور انڈیکس 44200پوائنٹس کی پست ترین سطح تک گھٹ گیا تھا مگر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سیاسی محاذ آرائی کی کیفیت پیدا نہ ہونے کوسرمایہ کاروں نے مثبت لیا اور سیاسی افق پر چھائی غیر یقینی کی کیفیت ختم ہونے کے بعد مارکیٹ نے 1600سے زائد پوائنٹس کو نہ صرف ریکور کر لیا بلکہ سرمائے کے مجموعی حجم میں بھی53ارب سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیاجس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم95کھرب روپے سے تجاوز کر گیا،کاروباری لین دین بھی جمعرات کی نسبت 17کروڑ شیئرز زائد رہا ۔اسٹاک ماہر ین کے مطابق مارکیٹ ہمیشہ غیر یقینی صورتحال سے دباؤ کا شکار ہوتی ہے،فیصلے کے بعداسٹاک مارکیٹ سے غیر یقینی صورتحال ختم ہو ئی تو سرمایہ کار دوبارہ متحرک ہو گئے اور انہوں نے توانائی ،اسٹیل،بینکنگ ،سیمنٹ اور گیس سیکٹرز سمیت منافع بخش شعبوں میں بھر پور خریداری کی جس کی وجہ سے مارکیٹ 46ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر دوبارہ بحال تو ہوئی مگر یہ سطح عارضی ثابت ہوئی اور تاہم مارکیٹ مثبت زون میں بند ہوئی ۔جمعہ کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں6.27پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے کے ایس ای100 انڈیکس 45905.76پوائنٹس سے بڑھ کر 45912.03 پوائنٹس پر آگیا اسی طرح کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 32295.82پوائنٹس سے بڑھ کر 32438.03 پوائنٹس پر جا پہنچاتاہم 73.70پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای 30انڈیکس 23854پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری اتار چڑھاؤ کے باوجود مارکیٹ کے سرمائے میں53ارب83کروڑ62لاکھ95ہزار734روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم94کھرب60ارب 25کروڑ92لاکھ 15ہزار 558روپے سے بڑھ کر 95 کھرب 14ارب 9کروڑ55لاکھ 11 ہزار 292 روپے ہو گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کے روز 32کروڑ77لاکھ 56ہزار حصص کے سودے ہوئے اور ٹریڈنگ ویلیو 21ارب ریکارڈ کی گئی جبکہ جمعرات کے روز 15کروڑ88لاکھ 11ہزار حصص کے سودے ہوئے اورٹریڈنگ ویلیو 6ارب تک محدود رہی جبکہ بدھ کے روز 17کروڑ57لاکھ 31ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے اور ٹریڈنگ ویلیو 8ارب ریکارڈ کی گئی تھی۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کے روزمجموعی طورپر364کمپنیوں کاکاروبارہواجس میں سے 218کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 132 میں کمی اور14کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبار کے لحاظ سے ازگار ڈ نائن 2کروڑ49لاکھ ،اینگرو پولیمر 1کروڑ97لاکھ ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ 1کروڑ85لاکھ ،کے الیکٹرک لمیٹڈ 1کروڑ64لاکھ اور عائشہ اسٹیل مل 1کروڑ49لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے نیلسے پاکستان کے بھاؤ میں 499روپے اور فلپ مورس پاک کے بھاؤ میں137.89روپے کا اضافہ جبکہ صنوفی ایونٹس کے بھاؤ میں43.64روپے اور لکی سیمنٹ کے بھاؤ میں34.59روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔