چیئرمین اوگرا توجہ فرمائیں

174
حبیب الرحمن، سماجی کارکن
ہم چیئرمین اوگرا کی توجہ سدرن گیس کمپنی کراچی کے غیر منصفانہ طرزِ عمل کی جانب مبذول کرانا چاہتے ہیں۔ شہریانِ کراچی کے الیکٹرک کی ستم ظریفی کی وجہ سے پہلے ہی بیزار ہیں اب سدرن گیس کمپنی بھی اُسی ڈگر پر چل پڑی ہے۔ جو ہر زون کے بلنگ ڈپارٹمنٹ نے جون 2017ء کے بل غلط پرنٹنگ کی وجہ سے بہت بھاری بھاری رقوم کے جاری کردیے۔ دریافت کرنے پر پتا چلا کہ بل مس پرنٹ ہوگئے ہیں۔ جن کا علم متعلقہ شعبے کو ہو گیا تھا مگر زائد بلنگ والے بلوں کو روکا نہیں گیا بلکہ تقسیم کروادیے گئے۔ جب بل درست کرانے متعلقہ دفتر سے رجوع کیا تو افسر موصوف نے بلا جھجھک بل کینسل کرکے کہا کہ شناختی کارڈ کی کاپی کے ہمراہ ایک درخواست جمع کرادیں یہ بل ادا نہ کریں۔ حسب ہدایت درخواست جمع کرادی گئی تو بل درست کرنے کے بجائے ارشاد ہوا کہ آئندہ ماہ کے بل میں جون 2017ء کی واجب الادا رقم بھی شامل کرکے بل جاری کیے جائیں گے۔ تو سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب مس پرنٹنگ کا علم ہو ہی گیا تھا تو اسی وقت درست کرنے کی زحمت گوارا کیوں نہ کی گئی؟ صارفین کو بلاوجہ غیر معمولی بل بھیج کر بلڈ پریشر بڑھانے سے ادارے کو کیا ملا؟ بہت سے صارفین نے تو زائد بل بھی ادا کردیے ہوں گے اس کا ذمے دار کون ہے؟
مزید یہ کہ ادارے کی غلطی کی سزا صارفین کو کیوں دی گئی؟ منیجنگ ڈائریکٹر سوئی سدرن کمپنی اس کی فوری انکوائری کروائیں کہ اس طرح کا غیر مناسب طرز عمل کیوں اختیار کیا گیا؟