جونیئر اسکواش چیمپئن شپ ‘حارث قاسم‘ اسد اللہ اور حذیفہ ابراہیم نے ملک کا نام روشن کردیا‘ جان شیر خان

322
اسلام آباد (جسارت نیوز) سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان نے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے جاپان جونیئراسکواش کا ٹائٹل جیت کرثابت کر دیا کہ ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاپان جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں امریکا، جاپان، چین، ملائیشیا، ہانگ کانگ، آسٹریلیا اور دیگر مختلف ملکوں کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا،چیمپئن شپ میں انڈر17- کا ٹائٹل حارث قاسم ،انڈر15- کا ٹائٹل اسد اللہ اور انڈر13- کا ٹائٹل حذیفہ ابراہیم نے اپنے، اپنے نام کیا،انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ہمارے ملک لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، اور ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ یہ کھلاڑی مزید ایونٹس میں کامیابی حاصل کریں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے بلکہ سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت کو تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے چاہیے تاکہ کھیلوں کا معیار بہتر ہوسکے،انہوں نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل اسکواش بحال ہو چکی ہے جس کا کریڈٹ پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر چیف آف ایئراسٹاف سہیل امان کو جاتا ہے کہ غیرملکی کھلاڑی پاکستان آکر کھیل رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کھیلوں کے حوالے سے ایک محفوظ ملک ہے اور اس کی عوام غیرملکی کھلاڑیوں سے بے پناہ محنت کرنے والی قوم ہے۔