مسجد اقصیٰ میں نماز کی بحالی مسلمانوں کی منظم جدوجہد کا نتیجہ ہے،طاہر اشرفی

374
لاہور (نمائندہ جسارت) مسجد اقصیٰ میں نماز کی بحالی مسلم امہ کے لیے عظیم خوشخبری اور فلسطینی مسلمانوں کی منظم جدوجہد کا نتیجہ ہے، مسلم امہ کے مسائل کا حل صرف اتحاد میں ہے، شاہ سلمان بن عبد العزیز نے الاقصیٰ کی تالہ بندی کے خاتمے کے لیے جو کردار ادا کیا وہ قابل تحسین ہے۔ کاش پاکستان کی حکومت بھی اس صالح عمل میں اپنا کردار ادا کرتی۔ یہ بات پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مولانا محمد ایوب صفدر، مولانا عبدالکریم ندیم، مولانا عبدالحمید وٹو، مولانا عبدالحق مجاہد، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا قاری محمد ادریس قاسمی، مولانا اسعد زکریا، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا حاجی محمد طیب قادری، مولانا عبدالحمید صابری، مولانا نعمان حاشر، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا حسین احمد درخواستی اور دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر دہشت گردی پھیلانے والوں نے مسلم امہ کو کمزور کیا ہے۔ مسلم امہ کو ریاستی اور گروہی دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کرنی ہوگی۔ فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے بغیر دنیا میں امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کی مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں آج اسرائیلی حکومت کو شکست ہوئی ہے، آج فلسطینیوں کی جدوجہد کی فتح کا آغاز ہے۔ وہ وقت بہت قریب ہے جب فلسطین آزاد ہو گا اور مسلمان الاقصیٰ میں شکرانے کے نوافل ادا کریں گے۔ انہوں نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان اور ان کے ولی عہد امیر محمد بن سلمان کا الاقصیٰ کی تالہ بندی کے خاتمے اور فلسطینیوں کے مطالبات کے لیے جدوجہد پر شکریہ ادا کیا۔