مسروقہ رقم کی واپسی کے بغیراحتساب نامکمل ہے‘راشد نسیم

467
لاہور( نمائندہ جسارت ) نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے مطالبہ کیاہے کہ جب تک مسروقہ رقم کی واپسی شروع نہیں ہوتی اس وقت تک احتساب نامکمل ہے ۔نواز شریف کے بعد اب زرداری اور مشرف کی باری ہے ۔ جب کرپشن کے بڑے بڑے مگر مچھ احتساب کے کٹہرے میں کھڑے ہوں گے اور لوٹا گیا سرمایہ قومی خزانے میں واپس آئے گاتو پاکستان کے عوام کو حقیقی آزادی نصیب ہوگی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تربیت گاہ سے سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی امیر العظیم نے بھی خطاب کیا۔ حکومت فوری طور پر مردم شماری کے نتائج کا اعلان کرے اور آئندہ انتخابات میں ان نتائج کی روشنی میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لیے حلقہ بندیاں کی جائیں۔حکومت نے اعلان کیاتھا کہ مردم شماری کے نتائج کا اعلان جولائی 2017ء تک کردیا جائے گا مگر ابھی تک اس سلسلے میں کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی جس سے عوام کے اندر ایک بے چینی اور مایوسی پائی جارہی ہے ۔جب تک مجموعی ملکی آبادی کے درست اعداد و شمار سامنے نہیں آتے صوبوں میں وسائل کی تقسیم میں مسائل پیدا ہوں گے ،خاص طور پر چھوٹے صوبوں سندھ اور بلوچستان کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے مردم شماری کے نتائج کا اعلان ضروری ہے ۔ کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی کی تحریک تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔