پروفیشنل باکسنگ‘ محمد وسیم مسلسل 7ویں مرتبہ کامیاب‘ پہلی پوزیشن برقرار

317
پانامہ (جسارت نیوز)پاکستانی چیمپیئن باکسر محمد وسیم نے ملک کے لیے کامیابیوں کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے پاناما کے باکسر کو تیسرے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرکے فائٹ جیت لی۔محمد وسیم اس وقت ورلڈ باکسنگ کونسل (ڈبلیو بی سی)کی سلورفلائی ویٹ کیٹگری میں عالمی نمبر ایک باکسر ہیں اور انہیں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے وسطی امریکی ملک پاناما کے باکسر ایوان ٹریجوس کا چیلنج درپیش تھا۔فائٹ کے آغاز سے ہی محمد وسیم نے بجلی کی سی تیزی اور چیتے جیسی پھرتی دکھاتے ہوئے حریف کھلاڑی پر تابڑ توڑ مکے بازی شروع کردی۔محمد وسیم کے ون ٹو ون پنچزایوان ٹریجوس کو میچ کے ابتدائی لمحات سے ہی شکست کی جانب دھکیلتے رہے اور تیسرے ہی راؤنڈمیں حریف باکسر کو ناک آؤٹ کردیا۔اپنی جیت کے حوالے سے ایک ویڈیو پیغام میں محمد وسیم نے کامیابی حاصل کرنے پر اللہ کا شکرادا کیا جبکہ انہوں نے ان کے لیے دعائیں کرنے والے شائقین کا بھی شکریہ ادا کیا۔اپنی جیت کے ساتھ ہی محمدوسیم نے ڈبلیو بی سی سلورفلائی ویٹ کیٹگری میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔پروفیشنل باکسنگ میں محمد وسیم کی یہ مسلسل ساتویں کامیابی ہے جبکہ وہ اب تک ناقابل شکست ہیں۔کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے محمد وسیم 17 جولائی 2016 کو جنوبی کوریا کے شہر سیؤل میں ہونے والے مقابلے میں فلپائن کے جیتھر اولیوا کو شکست دے کر سلور بیلٹ جیتنے والے پہلے پاکستانی باکسر بن گئے تھے۔بعد ازاں نومبر میں محمد وسیم نے سیؤل میں ہی ہونے والے مقابلے میں فلپائن کے گیمل میگرامو کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔گزشہ ماہ جون میں ورلڈ باکسنگ کونسل کی جانب سے جاری تازہ رینکنگ میں محمد وسیم کو فلائی ویٹ کیٹیگری میں پہلی مرتبہ عالمی نمبر ایک باکسر بنے کا اعزاز حاصل ہوا جسے انہوں نے اپنے اور ملک کے لیے باعث فخر قرار دیا تھا۔خیال رہے کہ رواں ماہ 6 جولائی کو محمد وسیم نے پاناما کے ایلیسر والڈیز کو دوسرے ہی راؤنڈ میں ناک آٹ کرتے ہوئے 8 راؤنڈز پر مشتمل فائٹ جیت کر اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔اسپانسر شپ کے مسائل کے سبب 6 ماہ تک فیلکن خان کے نام سے مشہور محمد وسیم باکسنگ رنگ سے دور رہے تھے۔محمد وسیم کے پروموٹر کا کہنا ہے کہ وسیم کی نظریں گولڈ فلائی ویٹ ورلڈ چیمپیئن بننے پر مرکوز ہیں اور وہ موجودہ عالمی چیمیپئن جاپان کے ڈیگو ہیگا کو چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔یاد رہے کہ گولڈ فلائی ویٹ ٹائٹل کے لیے رواں سال کے آخر میں جاپان کے باکسر ڈیاگو اومیگا سے محمد وسیم کی فائٹ متوقع ہے۔