سراج الحق کی المرکز اسلامی کی بحالی پر کراچی کے عوام کو مبارکباد 

525

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں عدالت عظمیٰ کی جانب سے المرکز اسلامی فیڈرل بی ایریا کی سابق اور اصل حیثیت میں بحالی کے فیصلے پر کراچی کے شہریوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ سراج الحق نے تاریخی فیصلہ کرنے پر عدالت عظمیٰ اور اس کے لیے آئینی و قانونی کوششوں اور جدوجہد کرنے پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کا فیصلہ عوام کی بڑی فتح اور کامیابی ہے ، المرکز اسلامی کی دینی اور اسلامی حیثیت ختم کر کے اسے سینما ہاؤس میں تبدیل کرنا اور اس عمارت کے اندر اور باہر قرآنی آیات اور کلمہ طیبہ کو مٹانا اور چھپانا بہت بڑا اور سنگین جرم ہے ۔ اس جرم کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جانی چاہیے اور متعلقہ افسران اور ذمے داران کو سزا ملنی چاہیے۔ سراج الحق نے کہا کہ عدالت عظمیٰ نے اپنے تاریخی فیصلے میں کے ایم سی کے ان افسران کے خلاف بھی کارروائی کرنے اور ان کے خلاف مقدمات نیب میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے جنہوں نے اس عمارت کو سینما ہاؤس اور تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دی ۔ عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر اصل روح کے مطابق عمل درآمد کیا جائے ۔