وطن عزیز کی ترقی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے،صدر مسلم لیگ ن لائرز فورم 

253
رحیم یار خان (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن) لائرز فورم کے ضلعی صدر چودھری شہزاد اشرف مہاندرہ ایڈوکیٹ اور تحصیل صدر محمد آصف سعید ایڈووکیٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف نے ملکی ترقی اور اہم منصوبوں کی قبل از وقت تکمیل کی سزا پائی ہے۔ پاکستان دشمن طاقتوں نے ایڑی چوٹی کا زور لگا کر ایک محب وطن وزیر اعظم کو نااہل قرار دلوا کر اپنے آقاؤں کو خوش کیا ہے لیکن یہ ان کی بھول ہے کہ ترقی کا یہ عمل ان کی خواہش کے مطابق رک جائے گا۔ ہماری جماعت پہلے سے زیادہ لگن کے ساتھ اپنے وطن عزیز کی ترقی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے میاں نواز شریف کو حسب سابق وزارت عظمیٰ کا وقت پورا نہیں کرنے دیا گیا۔ ایسے فیصلوں سے جمہوری عمل کو روکنے کے لیے غیر جمہوری طاقتیں تمام اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محاسبہ اور احتساب کا عمل جمہوری طریقے سے ہونا چاہیے، ایسے غلط طریقوں سے انتقام اور انتشار کے جذبات پیدا ہوتے ہیں جو لوگ آج احتساب کی آڑ میں انتقام اور پراپیگنڈہ کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں، کل ان کی باری ہے۔ محمد آصف سعید نے کہا کہ نواز شریف ایک عظیم لیڈر تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ وہ حکومت کے تو کیا پاکستان کے عوام کے دلوں کے وزیر اعظم ہیں اور آنے والا وقت یہ ثابت کرے گا۔ اس موقع پر ضلعی سینئر نائب صدر چودھری طارق بدر، ضلعی جنرل سیکرٹری سردار اجمل رشید خان کورائی، رانا محمد اکرام، چودھری محمد صفدر، چودھری محمد اظہر اقبال، چودھری خالد جاوید ندیم، مرزا خرم سلیم بیگ، انتظار حسین چودھری، رانا عبدالجبار، محمد سلمان گجر، رانا منیر عالم، میاں محمد ادریس ایڈووکیٹ اور معروف سماجی شخصیت طارق محمود چودھری بھی موجود تھے۔