سرحدی تنازع پر چینی صدر کا بھارت کو انتباہ

329

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) ایک طرف بھارت اور چین کے درمیان سکم میں ڈوکلام سرحد پر کشیدگی جاری ہے، تو دوسری طرف چین نے اپنی فوجی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے۔ پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے ) کے 90ویں یومِ تاسیس کے موقع پر آرمی پریڈ نکالی گئی اور چینی صدر شی جن پنگ فوجی لباس میں اس پریڈ میں شریک ہوئے اور چین کی طاقت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دراندازی کرنے والی قوتوں سے نمٹنے کے لیے چین پوری طرح تیار ہے۔ چین کے شمالی صوبے اندرونی منگولیا میں منعقد پریڈ میں 12ہزار فوجیوں نے حصہ لیا اور جدید ترین ہتھیاروں کی نمایش کی گئی۔ بہ ظاہر یہ بھارت سمیت باقی دنیا کے لیے اشارہ تھا۔ بیجنگ میں موجود سینئر صحافی سیبل داس گپتا کا کہنا ہے کہ یہ چین کے لیے دنیا کو یہ بتانے کا موقع تھا کہ ان کے پاس کون کون سے جدید ہتھیار ہیں۔ انہوں نے بطور خاص میزائلوں کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان میں جوہری ہتھیار لے جانے والی میزائلوں کے ساتھ موبائل میزائلی بھی شامل تھے، جنہیں آپ ٹرک میںلے جا کر دوسری جگہ سے داغ سکتے ہیں۔ اس دوران 100 سے زیادہ جنگی طیارے آسمان میں گشت کر رہے تھے۔ 6 ہزار سے زیادہ ٹینک، توپیں اور دوسرے ہتھیار پریڈ میں پیش کیے گئے۔ چینی وزارت دفاع کے مطابق ان میں سے نصف پہلے کبھی دکھائے نہیں گئے تھے۔ شی جن پنگ نے کہا کہ پی ایل اے کسی بھی دراندازی کو ناکام کر سکتی ہے۔ صحافی سیبل کا کہنا ہے کہ یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے، جب ڈوکلام میں بھارتی فوجی تعینات ہیں اور دونوں فوجیں آمنے سامنے ہیں۔ چین کا خیال ہے کہ بھارتی فوج ان کی سرحد میں گھس آئی ہے۔ دوسری طرف شمالی کوریا نے بین براعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے، جس سے امریکا کو بھی قدرے تشویش لاحق ہے۔ شی جن پنگ نے براہِ راست ان دونوں واقعات کا ذکر نہیں کیا، لیکن ان کی باتوں سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ وہ دنیا اور اپنے فوجیوں کو یہ اشارہ دے رہے تھے کہ ہم پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ باتیں صرف چین کی اپنی سرحد تک ہی محدود نہیں، کیوں کہ شی جن پنگ نے کہا کہ دنیا میں بدامنی پھیلی ہوئی ہے اور امن لانے کے لیے دنیا کو چین کی ضرورت ہے۔ شی جن پنگ نے کہا کہ وہ چین کا عظیم قوم کا خواب پورا کر کے دکھائیں گے۔ چین کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اس کا دفاعی بجٹ کافی ہے۔ لیکن چین یہ کہتا ہے کہ امریکا کے مقابلے اس کا دفاعی بجٹ کافی کم ہے۔
چینی صدر