معاشی قتل ، قوم کا قتل عام ہے

444

zc_Nasirمان لیا ، میاں نواز شریف اور ان کا سارا خاندان ہی کرپشن کا بادشاہ ہے اور باقی تمام سیاست دان ڈیٹول کے دھلے ہوئے ہیں مگر زمینی حقائق ان کی تردید کر رہے ہیں ان کے قول و فعل شرمناک حد تک ان کی تکزیب کر رہے ہیں ۔ ڈھٹائی کی انتہا یہ ہے کہ مسلمان کے مقابلے میں یہودی کی الیکشن مہم چلاتے ہیں اور میاں نواز شریف کو سیکورٹی رسک قرار دے رہے ہیں ۔ جمشید دستی نے گزشتہ دنوں کرپشن اور ملاوٹ کرنے والوں کے لیے سزائے موت کی منظوری کے لیے پارلیمنٹ میں بل پیش کیا تھا مگر سب کو سانپ سونگھ گیا کسی کو یہ توفیق نہ ہوئی کہ وہ مذکورہ بل کی حمایت کرتا ، جب تک پارلیمنٹ میں کرپشن اور ملاوٹ کرنے والے اور ان کے حامی موجود ہیں ملکی وسائل کی لوٹ مار جاری رہے گی اس حمام میں تو سبھی ننگے ہیں ۔ میاں نواز شریف کے گرد سیاست دانوں کا شکنجہ جوں جوں کستاجا رہا ہے سیاست کاروں کا مقصد واضح ہوتا جار ہا ہے اگر یہ لوگ ملک و قوم کے مفاد کے لیے جدو جہد کرتے تو2018ء کے الیکشن خوش آئند ثابت ہو سکتے تھے۔ لوڈ شیڈنگ ، مہنگائی ، بے روزگاری ، راہ زنی کی وار داتوں کے لیے اپوزیشن نے کبھی احتجاج نہیں کیا ، انہیں تو بس یہ فکر کھائے جار ہی ہے کہ کہیں 2018ء کے الیکشن میںمیاں نواز شریف کامیاب نہ ہو جائیں ان کی ساری جدو جہد اور شور شرابا میاں نواز شریف سے جان چھڑانے کے لیے ہے ۔
یہ کیا المیہ ہے ، کیسی بد نصیبی ہے کہ سیاسی رہنمائی کے دعوے داروں کے مقابلے میں عوام کی سوچ زیادہ سیاسی ہے عوام ان کے مقابلے میں بہتر سیاسی سوجھ بوجھ کے مالک ہیں۔ عوام کو اس حقیقت کا ادراک ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کا تہیہ کر لیا تھا تو امریکا کی تمام تر ترغیب و تحریص کے باوجود انہوں نے ایٹم بم کی تیاری کی پیش رفت نہ روکی اور امریکا نے انہیں نشان عبرت بنا دیا ۔ جنرل ضیاء الحق نے افغانستان کے ٹکڑے کرنے کی مخالفت کی تو امریکا نے ان کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیے اسی طرح امریکا نے اسلامی ممالک کے سربراہان کے ساتھ بھی یہی سلوک کیا ۔ کرنل قذافی ، انور سادات ، صدام حسین اور دیگر اسلامی ممالک کے رہنمائوں کا انجام سب کے سامنے ہے ، اس پیش منظر میں عوام کا یہ سوچنا حق بجانب ہے کہ سی پیک کا منصوبہ بنانا پاکستان میں چین کا عمل دخل بڑھانا ایک ایسا جرم ہے جسے امریکا کبھی معاف نہیں کر سکتا۔
سیاست دانوں کی اقتصادی بد عنوانی ملکی معیشت کا قتل ہے قوم کا قتل عام ہے ،اگر میاں نواز شریف نے ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے تو وہ قوم کے قتل عام کے مرتکب ہوئے ہیں سو انہیں سزا ملنا چاہیے تاکہ آئندہ کوئی ایسے سنگین جرم کے بارے میں سوچ بھی نہ سکے ۔