کرپشن کے450 بتوں میں سے ابھی پہلا گرا ہے‘ اسد اللہ بھٹو

334

کراچی( اسٹاف رپورٹر )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ایم این اسداللہ بھٹو ایڈوکیٹ نے جماعت اسلامی سندھ کی مجلس شوریٰ سے خطاب اور عدالتی فیصلہ پر جماعت اسلامی کی جدوجہد کے حوالے سے شوریٰ کے اراکین کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی عدالتی تاریخ کا ایک منفرد فیصلہ ہے، جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جس نے آئین وقانون کے دائرے میں عوامی جدوجہد کی ہے، قاضی حسین احمد مرحوم سے لے کر موجودہ امیر سینیٹر سراج الحق تک کرپشن کیخلاف جدوجہد پوری قوم کے سامنے ہے۔ جماعت اسلامی کے احتسابی عمل کے نتیجے میں کرپشن کے سومنات کے 450بتوں میں سے ایک بُت گرا ہے، ان شاء اللہ باقی بھی اپنے منطقی انجام تک پہنچیں گے۔عدالت عظمیٰ کا حالیہ تاریخی فیصلہ تبدیلی کی نوید اور جماعت اسلامی سمیت پوری قوم کی کامیابی ہے۔اسداللہ بھٹو نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے کرپشن کے مسئلے کو ایک عوامی مسئلہ کے طور پر اٹھایاجو عوام کی دلوں کی آواز بن گیا، عدالت عظمیٰ میںتمام کرپٹ لوگوں کے احتساب کے لیے 2 پٹیشن داخل کی تھیں جس میں ایک کا فیصلہ نواز شریف کیخلاف ہوگیا ہے جبکہ ایک پٹیشن ابھی زیر سماعت ہے۔ ہم 63,62سمیت دستور وآئین کی ہر دفعہ کی حفاظت کریں گے، پاکستان کو آزاد، خومختار اور مضبوط بنانے کے لیے آئین وقانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، قیم ممتاز حسین سہتو، نائب امراء ، نائب قیمین ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔