محرابپور، کمبوہ برادری کی ڈی ایس ریلوے سکھر سے ملاقات،مسائل سے آگاہ کیا

281
محراب پور(نمائندہ جسارت)ڈی ایس ریلوے سکھر راحت مرزا سے محراب پور کے وفد نے ملاقات کی اور ریلوے اسٹیشن کے مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔تفصیلات کے مطابق محراب پور ہیومن رائٹس کے صدر محمدطارق چودھری کی قیادت میں محراب پور کے معززین سابق صدر کمبوہ برادری یوسف علی کمبوہ،فلاحی تنظیم کے رہنما پیر محمد جمیل کمبوہ اور ارسلان طارق نے ڈی ایس ریلوے سکھر راحت مرزا سے ملاقات کی اور ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کواور ٹھری روڈ ریلوے پھاٹک پر عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر ڈی ایس نے فوری طور پر افسران کو احکامات جاری کیے۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم مسافروں اور عوام کو زیادہ سے زیا دہ سہولتیں فراہم کریں جس سے مسافر زیادہ سے زیادہ مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کو بیٹھنے کے لیے سیٹیں، پینے کے لیے ٹھنڈاپانی اور دھوپ اور بارش سے بچنے کے لیے بہتر سایا ہونا چاہیے او ر اس کے انتظامات ماتحت افسران کو کرنے کو کہا اور ٹھری روڈ پر ریلوے پھاٹک کا محراب پور کے عوام کا اہم مسئلہ ہے جس سے محراب پور کے عوام کو گھنٹوں ریلوے کراسنگ پر گرمی میں کھڑا ہونا پڑتا ہے ۔اس مسئلے کے حل کیلیے انہوں نے فوری طور پر ٹھری روڈ ریلوے پھاٹک کو جلد از جلد بتیس فٹ کشادہ کرنے کے احکامات جاری کیے اور ریلوے کراسنگ اور ریلوے کی حدود پر ناجائز تجاوزات کوختم کرنے کے لیے کہا گیا۔ محراب پورکے وفد کو جلد از جلد مسائل پر ایکشن لینے کی یقین دہانی کرائی جس پر انہوں نے ڈی ایس ریلوے سکھر راحت مرزا کا شکر یہ ادا کیا۔