اب زرداری کی باری آئے گی‘ فضل الرحمن کا بھی پیچھا کریں گے‘ عمران خان

807

اسلام آباد( نمائندہ جسارت /مانیٹرنگ ڈیسک )سپریم کورٹ نے میرے خوابوں کے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے ، نوازشریف کے بعد شہباز شریف ‘ شاہد خاقان عباسی اور پھر آصف زرداری کی باری ہے ، مولانا فضل الرحمن کا بھی پیچھا کریں گے‘ ن لیگ پر ایک خاندان حکومت کررہا ہے‘ کرپشن کے خلاف جنگ ابھی جیتی نہیں ہے‘ اسے جیتنا ہے‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پریڈگراؤنڈ میں یوم تشکر کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ہمارے سیاسی کزن طاہر القادری نے عدالت جانے کو بڑی غلطی کہا تھا،ججز نے ہمیں سڑکوں پر نہ جانے اور عدالت آنے کا کہا،عدالت نے قوم کو امید دی ہے،میں عدالت عظمیٰ کے پانچوں ججوں اور جے آئی ٹی ارکان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کیا ن لیگ کو شہباز کے سوا کوئی وزیراعظم کا امیدوار نہیں ملا۔ یہ جمہوریت نہیں بادشاہت ہے، انہوں نے شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تیار ہوجاؤ اب ہم تمہارے پیچھے آرہے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ ہم ایسا نظام لائیں گے کہ کوئی کرپشن کرسکے گا نہ ٹیکس چوری ‘انہوں نے نے خیبرپختونخوا حکومت کو ہیلتھ انشورنس پروگرام لانے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہیلتھ کارڈ سے غریب کا 5لاکھ روپے تک کا علاج مفت ہوگا۔ انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے بیان پر کہا کہ کشمیریوں کو ان کے خلاف بھرپور احتجاج کرنا چاہیے۔عمران خان نے جلسے کے شرکاکو نئے پاکستان کا میچ جیتنے کی خوشخبری دی اور کہا کہ ابھی میچ جارہی ہے آخری گیند پر کھیل ختم ہوگا ،میری ایک بات بھی عدالت میں جھوٹ نکلی تو خود ہی استعفا دے دوں گا۔عمران خان نے کہا کہ لاہور اور پشاور کے گورنر ہائوسز کی دیواریں گرادیں گے ،وہاں پارکس بنائیں گے،ہماری ن لیگ سے دشمنی نہیں ،میرے والد اور شوکت خانم پر الزامات سے تکلیف ہوئی۔تحریک انصاف کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ دکھ ہوا کہ 21سالہ لڑکی جو یہودی سے مسلمان ہوکر پاکستان آئی اس پر تنقید کی ،جمائما پر یہودی سازش کا الزام لگایا۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف نا اہل ہو گئے ہیں اور عوام کو ایک کرپٹ حکمران سے نجات مل گئی ہے ، اب دونوں بھائی اور ان کی اولادیں جیل میں ہوں گی،، ہم ظالم نہیں جیل میں انہیں اے کلاس دیں گے،شاہد خاقان عباسی کے خلاف ریفرنسز دائر کروں گا ، میں نے کہاتھا پپودو میں فیل ہے تین میں کمپارٹ ہے،میں نے کہا تھا یہ پانچوں میں فیل ہو گا، اب فیل ہو گیا، ، نواز شریف کہتاتھامجھے نکالاتوہمالیہ روئیگا،ایک مچھر مرا نہ ہی مکھی۔رشید احمد نے کہا کہ کہا تھا نوازشریف صادق اور امین نہیں ، عمران خان مستقبل کے لیڈر ہیں ،آگے کا سوچتے ہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے کہاہے کہ نوازشریف کی نااہلی سے پاکستانی عوام کوچوروں اورڈاکوؤں سے نجات مل گئی،اب شہبازشریف کوہراناہے ،عمران خان بڑے کمال کرتے ہیں ،نوازشریف کوہٹانے کاکمال بھی عمران خان کاہے۔