نمائشیں صنعتی اور کاروباری ترقی کیلئے انتہائی اہم ہیں‘ شمیم فرپو

395

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان کاسب سے بڑا بین الاقوامی انڈسٹریل الیکٹریکل اور الیکٹرانک شو انڈسٹریل الیکٹرک اینڈالیکٹرانک ایگزیبیشن آف پاکستان ‘(IEEEP Fair 2017) کراچی کے ایکسپو سینٹر میں شروع ہوگیا ہے۔ منگل کے روز 8 ویں انڈسٹریل الیکٹریکل اور الیکٹرانکس نمائش 2017ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شمیم فرپونے کہا ہے کہ کراچی شہر میں ایک بار پھر نمائشوں کا انعقاد تواتر سے ہونا خوش آئند ہے جس سے دیگر شعبوں کو بھی فائدہ ہورہا ہے۔ نمائشوں کے انعقاد اور غیر ملکی اور ملکی کمپنیوں کی طرف سے بڑی تعداد میں شرکت سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی ہمیں مزید نمائشوں کے لیے سہولتیں فراہم کرنی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہوٹل انڈسٹری کا کاروبار بھی بڑھا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ نمائشیں صنعتی اور کاروباری ترقی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ چین پاک اکنامک کوریڈور کے مثبت اثرات ملک پر پڑنا شروع ہو گئے ہیں جو خطے کے لیے بڑی اہمیت کے حامل ہیں اور سی پیک کے منصوبے ملکی معیشت کو فروغ دینے کے ساتھ خطے کی معیشت کو بھی مستحکم کریں گے۔ آئی ای ای ای پی کے چیئرمین انجینئر آصف صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں الیکٹریکل اور الیکٹرانکس انڈسٹری نے بہت ترقی کی ہے ۔ اس ایگزیبیشن سے اس انڈسٹری کو جو شہرت ملے گی اس سے اس سیکٹر میں آنے والی نئی کمپنیز کو اپنے بزنس کو مقامی اور عالمی طور پربڑھانے کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ایگزیبیشن کی تفصیلات دیتے ہوئے ا نہوں نے کہاکہ اس کے ذریعے مقامی اور بین الاقوامی الیکٹریکل، الیکٹرانک اور ملحقہ صنعت اور انجنیئرنگ کے شعبوں کو ایک جگہ جمع ہونے کا موقع ملا ہے۔اس میں الیکٹریکل اور الیکٹرانکس انڈسٹری کے علاوہ لائٹنگ، ٹیلی کمونیکیشن، انسٹریومینٹیشن، کنٹرول، الائیڈانڈسٹری، متبادل انرجی اور ملحقہ انڈسٹریز حصہ لے رہی ہیں۔ پاکستان کاسب سے بڑا بین الاقوامی انڈسٹریل الیکٹریکل اور الیکٹرانک شو ‘انڈسٹریل الیکٹرک اینڈالیکٹرانک ایگزیبیشن آف پاکستان ‘ (IEEEP Fair 2017) کراچی کے ایکسپو سینٹر میں 01 ؍اگست سے 3 اگست تک منعقد ہو رہا ہے۔اس شو میں تقریبا 15ممالک شریک ہیں جبکہ 350 سے زائد اسٹال لگائے گئے ہیں۔
؂، نمائش میں 250 سے زائد ملکی اور غیرملکی کمپنیاں شامل ہیں۔ اسی طرح غیر ملکی وفود، کمپنیز اور سرمایہ کار حصہ لے رہے ہیں۔ شرکاء نے ڈسپلے کی گئی اشیاء کا معائنہ کیا اور ان کی افادیت اور پائیداری کو سر اہا۔ اس موقع پر آئی ای ای ای پی کے چیئرمین انجینئر آصف صدیقی اور بدر ایکسپو سولوشنز کے چیف آپریٹنگ آفیسر زوہیر نصیر نے ایگزیبیشن اور اس میں موجود کمپنیز کے بارے میں بتایا۔ ایف پی سی سی آئی کے چیئرمین فیئرز اینڈ ایگزیبشنز حنیف گوہر نے آئی ای ای ای پی اور بدر ایکسپو سولوشنز کو اس فیئرز کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ اس طرح انڈسٹری کو مزید مواقع پیدا کرنے چاہئیں۔اس موقع پر کمپنیوں اور شرکاء کو فیئرکی یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔