عمران کے بیان سے اپوزیشن اتحاد خطرے میں ہے‘ پی ٹی آئی اپنے لیڈر کو سمجھائے‘ خورشید شاہ

287
اسلام آباد(آن لائن؍آئی این پی) مسلم لیگ ن کے رہنماؤں عبدالقادر بلوچ اور شیخ آفتاب پر مشتمل2 رکنی وفد اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے پاس وزارت عظمیٰ کے لیگی امیدوار شاہد خاقان عباسی کے حق میں ان سے تعاون مانگنے کے لیے آیا تاہم خورشید شاہ نے نون لیگ کی مدد کرنے سے انکار کرتے ہوئے انہیں آگاہ کیا کہ میں خود بھی وزارت عظمیٰ کا امیدوار ہوں لہٰذا آپ کی مدد نہیں کرسکتا ۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہر انسان کا اپنا ظرف ہوتا ہے، عمران خان کو مسلم لیگنون سے اکیلے مقابلے کی سوچ تبدیل کرنی ہوگی،اگرعمران خان ایسی باتیں کرناشروع کرینگے تو بہت سی خطرناک باتیں نکلیں گی، تحریک انصاف کو چاہیے کہ عمران کو سمجھائیں کہ سیاست کیا ہوتی ہے، ان کے بیانات سے اپوزیشن اتحاد خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزارت عظمی کے لیے متحدہ اپوزیشن نے اپنے امیدوار کا اعلان ابھی نہیں کیا، شاہ محمود قریشی سے طے ہوا تھا کہ مل کر فیصلہ کریں گے لیکن عمران خان نے شیخ رشید کو نامزد کر کے جلد بازی کی۔ عمران خان جس کو کامیابی سمجھ رہے ہیں اس میں70فیصد پیپلز پارٹی کا ہاتھ ہے اور اگر عدالت میں جانے کا ہی کریڈٹ دینا ہے تو سراج الحق کو دیں جو سب سے پہلے عدالت گئے۔ پاکستان تحریک انصاف وزارت عظمیٰ کے الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا اصولی فیصلہ کرچکی ہے اور اس ضمن میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان پارٹی رہنما شاہ محمود قریشی کو واضح ہدایات دے چکے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے اپنی سیاسی ساکھ کو مد نظر رکھتے ہوئے شیخ رشید احمد کو وزیراعظم کے انتخاب کے لیے میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا۔