ملتان (صباح نیوز) سینئرساستدان جاوید ہاشمی نے حلفاًدعویٰ کیا ہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ جسٹس تصدق جیلانی کے بعد آنے والے جج صاحبان پارلیمنٹ توڑدیں گے‘ مجھے نوازشریف کے استعفے اور عدالت عظمیٰ کی حکومت کے قیام سے متعلق بھی بتایا گیا جنہیں میں نے آئین سے بالاتر قرار دیا‘ خان صاحب پارلیمنٹ پر بھی حملہ کرنا چاہتے تھے‘ حکومت ختم کرنے کے لیے کمزور فیصلہ کیا گیا دنیا تھو تھو کررہی ہے۔ ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ تصدق جیلانی کے جانے کے بعد جو جج آرہے ہیں وہ آنے کے بعد پارلیمنٹ توڑ دیں گے اور نوازشریف خود بخود مستعفی ہوجائے گا جس پر میں نے کہا کہ یہ بات آئین سے بالا تر ہے آئین ٹوٹ جائے گا‘ مارشل لا لگ جائے‘ عمران خان نے کہا کہ عدالت عظمیٰ اسمبلی کو معطل کرے گی تو آئین کیسے ٹوٹ جائے گا جس پر میں نے عمران خان سے کہا کہ آپ آئین کو سمجھنے کی کوشش کریں جبکہ عمران خان نے کہا کہ عدالت عظمیٰ اپنی حکومت بنائے گی جس پر میں نے کہا کہ وہ جوڈیشل مارشل لا ہوگا۔ میں نے عمران خان کو سمجھانے کی کوشش کی کہ اگر ججوں کی حکومت آبھی جائے گی تو ان کو تحفظ کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف بھگوڑا ہے انتہائی بزدل ہے جب ڈنڈا لگا تو نکل کر بھاگ گیا‘ میں خوفزدہ اور پریشان ہوں کہ چلتی ہوئی حکومت کو نکالنے کے لیے اتنا کمزور فیصلہ کیا گیا جس کو پوری دنیا تھو تھو کررہی ہے۔