بھارت میں وزارت گائے کے قیام پر غور

474

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کی حکمران جماعت بے جے پی کے رہنما اَمت شاہ کا کہنا ہے کہ گائیوں کے لیے ایک الگ وزارت قائم کرنے کے بارے میں سوچا جا رہا ہے۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاستی دارالحکومت لکھنؤ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اَمت شاہ نے کہا کہ اس بارے میں بہت سی سفارشات آ رہی ہیںاور اس پر غور و خوض جاری ہے۔ اس موقع پر ریاست اترپردیش کے وزیر اعلیٰ جوگی ادتیاناتھ بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ یہ وزارت کیا کام کرے گی۔ بھارت میں حالیہ دنوں میں گائے کے تحفظ کا معاملہ سامنے آیا ہے اور کئی مسلمانوں کو مشتعل ہجوموں نے گائے ذبح کرنے کا الزام لگا کر قتل کیا ہے۔ ایسی ریاستیں جہاں بی جے پی کی حکومت ہے، وہاں گئورکھشا کمیشن قائم کیے گئے ہیں، جو گائیوں کے تحفظ اور فلاح و بہبود کیلیے کام کرتے ہیں۔ ریاست ہریانہ میں گائیوں کے تحفظ کیلیے خصوصی پولیس فورس قائم ہے۔ 2014ء میں مودی نے اقتدار سنبھالتے ہوئے عہد کیا تھا کہ وہ گائے کا قتل روکیں گے۔