ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ‘ اسٹیون بیٹنگ‘ جدیجا بولنگ‘ شکیب آل راؤنڈر میں سرفہرست

199
دبئی(جسارت نیوز) آسٹریلوی قائد اسٹیون ا سمتھ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ میں بیٹنگ کے شعبے میں بدستور سرفہرست ہیں، انگلش بلے باز جونی بیئرسٹو 3 درجے ترقی پا کر ٹاپ10 میں شامل ہو گئے، انگلش آل راؤنڈر بین اسٹوکس 12 درجے ترقی پا کر کیریئر بہترین 25 ویں نمبر پر آ گئے، شیکھر دھون 21 درجے لمبی چھلانگ لگا کر 39 ویں نمبر پر آ گئے، پاکستان کے اظہر علی بغیر کھیلے2 سیڑھیاں چڑھ کر چھٹے نمبر پر آ گئے، بولرز میں روندرا جدیجہ پہلے نمبر پر براجمان ہیں، ایشون نے ایک سیڑھی چڑھ کر رنگنا ہیراتھ کو تیسری پوزیشن پر دھکیل دیا۔ آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین ٹیسٹ پلیئرز رینکنگ کے تحت بلے بازوں میں اسٹیون اسمتھ سرفہرست ہیں، جوروٹ، کین ولیمسن، چیتشور پوجارا اور ویرات کوہلی بالترتیب دوسرے، تیسرے، چوتھے اور 5ویں نمبر پر برقرار ہیں، اظہر علی2 درجے ترقی کے ساتھ چھٹے نمبر پر جبکہ ڈیوڈ وارنر2 سیڑھیاں چڑھ کر7ویں نمبر پر آ گئے، ڈی کوک2 درجے تنزلی کے بعد 8ویں نمبر پر چلے گئے، جونی بیئرسٹو 3 درجے اوپر چڑھ کر ٹاپ10 میں شامل ہو گئے، ہاشم آملہ 3 درجے گر کر 10ویں نمبر پر چلے گئے، ایلسٹرکک کی 2 ڈین ایلجر کی 3 اینجلو میتھیوز کی 2، بین ا سٹوکس کی 12 باووما کی 3 اور شیکھر دھون کی 21 درجے ترقی ہوئی ہے۔ بولرز میں روندرا جدیجہ سرفہرست ہیں، ایشون ایک درجے ترقی کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئے، جیمز اینڈرسن ایک سیڑھی چڑھ کر چوتھے نمبر پر آ گئے، آل راؤنڈرز میں شکیب الحسن پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔ بین ا سٹوکس ترقی پا کر5ویں نمبر پر آ گئے۔