ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) ٹنڈوالٰہیار میونسپل کمیٹی کا 2017-18ء کا بجٹ اجلاس چیئرمین میونسپل کمیٹی سید امداد شاہ کی زیر صدرات منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چیئرمین شاہد جعفر قائم خانی سمیت میونسپل کمیٹی کے تمام اراکین نے شرکت کی۔ میونسپل کمیٹی چیئرمین سید امداد شاہ نے 50 کروڑ 51 لاکھ 54 ہزار 500 روپے کا ٹیکس فری بجٹ پیش کیا۔ بجٹ میں اخرجات کا تخمینہ 48 کروڑ 92 لاکھ 70 ہزار 724 روپے لگایا گیا ہے، بجٹ میں 1 کروڑ 58 لاکھ 83 ہزار 767 روپے کی بچت دکھائی گئی ہے۔ بجٹ میں ترقیاتی کاموں کی مد میں 15 کروڑ 77 لاکھ 50 ہزار 750 روپے، پانی کی نکاسی کے لیے 1 کروڑ 10 لاکھ روپے، صحت اور سینیٹری کے لیے 75 لاکھ روپے، تنخواہوں، گریجویٹی اور پنشن کی مد میں 26 کروڑ 35 لاکھ 54 ہزار 974 روپے رکھے گئے ہیں۔ واٹر سپلائی اور مینٹننس کے لیے 19 لاکھ روپے، پریس کلب میں بلاول ہال کی تعمیر کے لیے 20 لاکھ روپے، میونسپل کمیٹی کی حدود میں صاف پانی فراہم کرنے کے لیے 19 لاکھ روپے، بجلی کے بلوں کی مد میں 75 لاکھ روپے، کھیل اور ثقافت کے لیے 10 لاکھ روپے، مشینوں کی ریپئرنگ اور مینٹننس کے لیے 1 کروڑ 43 لاکھ روپے، سی سی ٹی وی کیمرے، نیو ٹریکٹر، واٹر ٹینکر، اے سی اسپلٹ، فوٹو اسٹیٹ مشین و دیگر آلات کی خریداری کے لیے 1 کروڑ 39 لاکھ 25 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر میونسپل کمیٹی کے چیئرمین سید امداد حسین شاہ رضوی حکومت سندھ کی طرف سے خاطر خواہ اضافہ کیا گیا، جس کی وجہ سے تنخواہوں کی مد میں 5 کروڑ 89 لاکھ 29 ہزار 529 کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ میونسپل کمیٹی میں 14 کروڑ روپے کی لاگت سے مختلف اسکیموں کے ٹینڈر کرائے گئے ہیں، جن میں میونسپل کمیٹی اور ڈسپوزل اسٹیشنوں پر اسٹینڈ بائی جرنیٹر لگائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی اے سید ضیا عباس شاہ رضوی کے تعاون سے 23 وارڈوں کے لیے 76 کروڑ روپے کی لاگت سے واٹر سپلائی اسکیم تعمیر کرائی جارہی ہے جبکہ 23 کروڑ کی لاگت سے سرفیس ڈرین ڈرینج اسکیم کی تعمیر، 1 کروڑ 4 لاکھ کی لاگت سے ٹنڈو سومرو ویگن اسٹاپ سے پھاٹک تک 24 فٹ چوڑا روڈ اور پھاٹک سے بائی پاس تک 12 فٹ چوڑا تعمیر کیا جائے گا۔ 57 کروڑ کی لاگت سے 24 فٹ کے 2 روڈ، نالا اسٹینڈ، لائٹ اور ٹنڈوآدم ناکے سے بائی پاس تک 36 فٹ چوڑا روڈ بھی میونسپل کمیٹی تعمیر کرایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ سے بچت کی جانے والی رقم کو کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں استعمال میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلد سے جلد تمام ملازمین کا ریکارڈ چیک کر کر ترقی نا کرنے والے ملازمین کو سینیارٹی کے مطابق ترقی دی جائے گی۔ اجلاس میں موجود، میونسپل کمیٹی کے پی پی پی اراکین نے اکثریت رائے سے بجٹ منظور کرلیا۔ ایم کیو ایم کے اراکین نے بجٹ سننے کے بعد اس کو نامنظور کرتے ہوئے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔ اس موقع پر کوآرڈی نیٹرز اور پرویز سموں سمیت میونسپل کمیٹی کے افسران اور عملہ بھی موجود تھا۔