تین دنوں میں انڈیکس میں 1073پوائنٹس سرمائے میں 274ارب روپے کا اضافہ

201

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا تسلسل جاری ہے اور بدھ کے روز 400سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای100انڈیکس 47ہزار پوائنٹس سے صرف 51پوائنٹس کی دوری پر بند ہوا ،تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں68ارب سے زائد روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم97کھرب روپے سے تجاوز کر گیا اس طرح پاناما کیس میں وزیر اعظم میاں نواز شریف کی نااہلیت کے بعد شروع ہونے والے کاروباری ہفتے کے پہلے3دنوں میں100 انڈیکس1073پوائنٹس بڑھ گیا اور سرمائے کے مجموعی حجم میں274ارب سے زائد روپے کا اضافہ ہو چکا ہے ۔بدھ کو بھی اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری سرگرمیاں عروج پر رہیں سرمایہ کارتوانائی ،بینکنگ ،اسٹیل ،کیمیکل سیمنٹ اور گیس سیکٹرز میں سرگرم دکھائی دیے جس کی وجہ سے ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 46600، 46700، 46700، 46800 اور46900پوائنٹس کی 5بالائی حد عبور کر گیا۔اسٹاک ماہرین کے مطابق جمہوری عمل کے تسلسل کے باعث سرمایہ کاری ایک بار پھر مارکیٹ میں انویسمنٹ کر رہے ہیں جس کے باعث توقع ہے کہ رواں ہفتے مارکیٹ48ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال یا اس کے قریب پہنچ جائے گی ۔بدھ کو کاروبار کے اختتام کے ایس ای100انڈیکس میں451.61پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے کے ایس ای 100 انڈیکس46533.43پوائنٹس سے بڑھ کر 46949.04 پوائنٹس پر آگیا اسی طرح کے ایس ای30 انڈیکس 267.12پوائنٹس کے اضافے سے 24426.50 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 32869.61پوائنٹس سے بڑھ کر 33102.25پوائنٹس پر جا پہنچا۔ کاروباری تیزی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے میں68ارب35کروڑ15لاکھ2134ہزار623روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کامجموعی حجم96کھرب57ارب 22کروڑ61لاکھ 11ہزار326روپے سے بڑھ کر 97کھرب25ارب 57کروڑ76لاکھ 32ہزار949روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کے روز 36کروڑ77لاکھ 96ہزار حصص کے سودے ہوئے اور ٹریڈنگ ویلیو 16ارب ریکارڈ کی گئی جبکہ منگل کے روز 25کروڑ61لاکھ 43ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے اور ٹریڈنگ ویلیو 17ارب تک محدود دیکھی گئی تھی ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کے روزمجموعی طورپر406کمپنیوں کاکاروبارہواجس میں سے286کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،101میں کمی اور19کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔کاروبار کے لحاظ سے کے الیکٹرک لمیٹڈ 2کروڑ94لاکھ ،بینک آف پنجاب 2کروڑ40لاکھ ،ٹی آر جی پاک لمیٹڈ 2کروڑ33لاکھ ،عائشہ اسٹیل مل 2کروڑ26لاکھ اور لوٹے کیمیکل 2کروڑ 23لاکھ حصص کے سودوں سے سرفہرست رہے ۔قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اعتبار سے صنوفی ایونٹس کے بھاؤ میں 91.23روپے اور سروس انڈسٹریز لمیٹڈ کے بھاؤ میں 42.79روپے کا اضافہ جبکہ سفائر ٹیکسٹائل کے بھاؤ میں 46روپے اور ملت ٹریکٹرز کے بھاؤ میں 24.66روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ۔