نواز شریف کی تصاویر ایوان میں لانے پر شدید ہنگامہ آرائی

423
اسلام آباد(آئی این پی )قومی اسمبلی میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کے موقع پرتمام لیگی ارکان کی جانب سے نوازشریف کی تصاویر ایوان میں لانے اور لہرانے پر شدید ہنگامہ آرائی ، تحریک انصاف اور لیگی ارکان کے درمیان ہاتھا پائی ہوتے ہوتے رہ گئی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے پولنگ کے بعد مسلم لیگ (ن) کے ارکان جب ایوان میں واپس آئے تو انہوں نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔ لیگی ارکان کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کے نعرے لگائے گئے۔ اس دوران پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے ایوان میں نوازشریف کی تصاویر لانے پر شدید احتجاج کیا گیا اور نوازشریف کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور انہیں چور چور کے لقب سے پکارا گیا۔ن لیگ کے ارکان اور گیلری میں بیٹھے مہمانوں کی جانب سے وزیراعظم نوازشریف ،دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیاجیسے نعروں سے گونج اٹھا۔ اس دوران دونوں جماعتوں کے ارکان کے درمیان ہاتھا پائی ہوتے ہوتے رہ گئی۔ دونوں جماعتوں نے سینئر رہنماؤں نے ارکان کو واپس اپنی نشستوں پر بٹھا دیا۔