بھارتی جنگی جنون سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں،ذکراللہ مجاہد

183
لاہور ( نیوزرپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ بھارتی جنگی جنون اور عزائم سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں اور بھارتی قیادت خطے کے امن کو تباہی کی طرف لے جانے کی خواہش مند ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھارتی فوج کی جانب سے ملکی سرحدوں پر مسلسل جارحیت پر اپنے درعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت میں بہت سے لوگ نریندرمودی کی سیاست کا ماتم کر رہے ہیں اور نریندر مودی کا ایجنڈا محض پاکستان دشمنی نہیں بلکہ مسلم دشمنی بھی ہے اور اب یہ مسئلہ محض مسلمانوں تک محدود نہیں رہا بلکہ دیگر مذاہب کے لوگ بھی بھارتی جارحیت اور جنونیت کاشکار ہو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ کو بھارت اور پاکستان کے لیے مساوی رویہ اختیار کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک اور قوتوں پر یہ واضح کر دیا جائے کہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے بلکہ اس نے ناجائز اور غیر قانونی طور پر اس پر قبضہ کر رکھاہے اور کشمیریوں کی مسلسل نسل کشی کر رہاہے جس کی بھر پور مذمت کرتے ہیں ۔ لہذا بین الاقوامی برادری کا فرض بنتا ہے کہ وہ مظلوموں کی مدد کرے اور ظالم کو روکیں اور پاکستانی کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ملکی دفاعی تیاریوں کے ساتھ ساتھ سفارتی محاذ پر بھی اپنی کوششیں جاری رکھنی چاہیے اور عالمی برادری کو بھارت کے ناپاک عزائم سے آگاہ کرنا چاہیے ۔