کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کراچی کے تحت ادارہ نور حق میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کی صدارت میں تاجر کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔کنونشن میں ٹریڈرز باڈیز ، اسمال ٹریڈرز ، مختلف مارکیٹ ایسوسی ایشن اور ٹرانسپورٹ تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی اور کے الیکٹرک کے خلاف شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے بھرپور اور منظم تحریک چلانے کا عزم کیا گیا ۔کنونشن سے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی محمد اسلام اور محمد اسحاق خان ،جماعت اسلامی ضلع شرقی کے امیر یونس بارائی، اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد ، پبلک ایڈ کمیٹی کے الیکٹرک کمپلنٹ سیل کے چیئرمین عمران شاہد،جوڑیا بازار ایسوسی ایشن کے صدر جعفر کوڑیا، آل کراچی رکشہ ٹیکسی ایسوسی ایشن کے صدر حافظ الحق حسن زئی،اسمال ٹریڈرز کے نائب صدر عثمان شریف ، کاغذی بازار کے رہنما ناصر انصاری ، عبد الماجد ، صدر ٹریڈ الائنس کے رہنما محمد ربانی ، سی این جی رکشہ ایسوسی ایشن کے صدر حنیف خان ، ناز پلازہ الیکٹرونکس مارکیٹ کے صدر نوید احمد ،بولٹن مارکیٹ ٹریڈرز کے رہنما حاکم خان ،یوسی 2اورنگی ٹاؤن کے وائس چیئرمین ممتاز تنولی ،صدر انجمن تاجران قائد آباد شوکت ربانی ، کسٹم ڈیلر سجاد ، پاکستان تحریک انصاف کراچی کے رہنما عنایت خٹک ، منصور اور ثاقب،سابق ٹاؤن ناظم محمد شاہد اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی تاجر نمائندہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک کی لوٹ مار ،اوور بلنگ اور ظلم وزیادتیوں سے تاجر اور کاروباری طبقے سمیت ہر طبقہ اور ہر شہری متاثر ہے ،کے الیکٹرک ،حکومت اور نیپرا کی ملی بھگت سے کراچی کے شہریوں اور تاجروں کو لوٹا اور جیبوں پر ڈاکا ڈالا گیا ہے۔ جماعت اسلامی کے الیکٹرک کی زیادتیوں اور لوٹ مار کے خلاف تاجروں اور عام شہریوں کے حق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی ، سب مل کر جدوجہد کریں گے تو مسائل ضرور حل ہوں گے، حکومتیں لوٹ مار میں لگی ہوئی ہیں اپنے حق کے لیے خود نکلنا ہوگا ،کے الیکٹرک کے خلاف تاجروں کے پلیٹ فارم کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے ،جماعت اسلامی کے الیکٹرک کے خلاف عدالت عظمیٰ میں 1 ملین پٹیشن دائر کرے گی اور جب ہم ٹرک بھر کر معزز عدالت میں جائیں گے تو اس کا ضرور اثر ہوگااور حکمران بھی مجبورہوں گے کہ کے الیکٹرک کو لگا م دیں ،ہماری تاجروں سے بھی اپیل ہے کہ ون ملین پٹیشن کی دستخطی مہم میں شریک ہوں ،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کوششوں اور جدوجہد سے کے الیکٹرک کی لوٹ مار اور ڈاکوں کا پردہ چاک ہوا ہے اور لوگوں کو پتہ چلا ہے کہ کس طرح ان کے بلوں میں فراڈ کیا جاتا ہے اور اب تک تقریباََ200ارب روپے غیر قانونی طور وصول کیے جاچکے ہیں ،جماعت اسلامی کی کوششوں کے باعث نیپرا کی سماعت کراچی میں ہونا شروع ہوئی جس میں جماعت اسلامی بطور فریق شریک ہورہی ہے اور کراچی کے 2.5 کروڑ عوام کا مقدمہ لڑ رہی ہے ۔ہماری کوشش کی وجہ سے نیپرا نے میٹر رینٹ ختم کرنے ،کلا بیک کی رقم واپس کرنے اور بل کے ساتھ اسنیپ شارٹ دینے کو تسلیم کیا ہے مگر بدقسمتی سے ابھی تک عمل درآمد شروع نہیں کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک کے حوالے سے بھر پور ور کنگ کی ہے اور درست اعداد و شمار اور حقائق کو واضح کیا ہے جسے کوئی بھی مسترد نہیں کرسکتا ،ہمارے تمام دفاتر میں کے الیکٹرک کے حوالے سے کمپلینٹ سیل قائم ہیں جہاں سے مسائل کے حل کی کوشش کی جاتی ہے ،انہوں نے کہا کہعدالت عظمیٰنے حال ہی میں2 اہم فیصلے دیے ہیں ایک نواز شریف کی نا اہلی کا اوردوسرا المرکز اسلامی فیڈرل بی ایریا کی دینی اور اسلامی حیثیت سے بحالی کا ۔جماعت اسلامی نے سرکاری اراضی ،کھیل کے میدانوں اور پارکوں پر قبضے کے خلاف بھی درخواست دائر کی ہوئی ہے ہمیں امید ہے کہ معزز عدالت کی جانب سے اس حوالے سے بھی کراچی کے عوام کے حق میں فیصلہ دیا جائے گا ۔ محمد اسحاق خا ن نے کہا کہ اگست کا مہینہ ملک کے اندر تبدیلیوں کا مہینہ ثابت ہورہا ہے اور کے الیکٹرک کے خلاف بھی تحریک اور جدوجہد کامیاب ہوگی۔کے الیکٹرک کے خلاف جماعت اسلامی کی بھرپور تحریک اور جدوجہد کے نتیجے میں کے الیکٹرک کی بد معاشی اور غنڈہ گردی کو لگام ڈالی گئی ہے ۔ جماعت اسلامی کی پبلک ایڈ کمیٹی نے کراچی کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے نمایاں کردار ادا کیا ہے اور عوام کی آواز اٹھائی گئی ہے ۔ محمد اسحاق خان نے کراچی کے تاجروں کو جماعت اسلامی کے تحت 7اگست کو دیے جانے والے دھرنے میں بھی شرکت کی دعوت دی ۔ محمود حامد نے کہا کہ تاجروں نے عزم اور عہد کیا ہے کہ اب کے الیکٹرک کی بد معاشی اور غنڈہ گردی کو قبول نہیں کیا جائے گا اگر کے الیکٹرک نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو ہم اس کے خلاف ڈنڈا بردار فورس بنائیں گے ، ہم کے الیکٹرک کی انتظامیہ اور ذمے داران کے خلاف مقدمات بھی درج کرائیں گے۔ آج ہم کے الیکٹرک کی جدوجہد میں تاجروں کی بھی شمولیت کا اعلان کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے نیپرا کو بھی یرغمال بنانے کی کوشش کی ہے اور ا س کا واضح ثبوت نیپرا کی حالیہ سماعت ہے جس میں کے الیکٹرک نے اپنے غنڈوں کے ذریعے اس اجلاس کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کی ۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی لوٹ مار میں حکمران برابر کے حصہ دار ہیں اور حکمران پارٹیاں بھی شریک جرم ہیں جن کی پشت پناہی کے الیکٹرک کو حاصل رہی ہے اور آج بھی حاصل ہے ۔کراچی نمائندہ تاجر کنونشن نے اعلان کیا ہے کہ کے الیکٹرک کی لوٹ مار ، جعلی اور فراڈ بلنگ ، ناجائز طور پر اربوں روپے وصو ل کرنے اور تاجروں اور عوام کے خلاف ظلم و زیادتیوں کے خلاف 23اگست کو کراچی بھر کے تاجروں کا عظیم الشان اور تاریخی مارچ کیا جائے گا،جس کے لیے شہر کی تمام مارکیٹوں اور بازاروں میں کیمپ لگائے جائیں گے۔کے الیکٹرک کے خلاف ایک لاکھ تاجر پٹیشن دائر کریں گے۔کنونشن میں متفقہ طور پر منظور کی جانے والی قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی وسیم اختر کراچی کے مسائل کے حل کی ذمے داری ایک دوسرے پر ڈالنے کے بجائے اپنا کردار ادا کریں ۔حکومت اور نیپرا کے الیکٹرک کے مظالم لوڈ شیڈنگ ، اوور بلنگ ، بوگس بلنگ سے نجات دلائیں ، ٹیرف میں اضافہ واپس لیا جائے اور کے الیکٹرک کا ٹرانزک آڈٹ کیا جائے ۔