لیگی خواتین کاپریس کلب کے باہرنواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلیے مظاہرہ 

174

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن)کراچی ڈویژن شعبہ خواتین کے زیر اہتمام منگل کو کراچی پریس کلب پر میاں نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا گیا ۔مظاہرے کی قیادت کراچی ڈویژن کی صدر مہناز اختر ،سینئر نائب صدر جمیلہ ظفر، نائب صدر ڈاکٹرگل رعنا ،شہناز اختر ،عروسہ شہزاد اور دیگر نے کی ۔جبکہ مظاہرے میں مسلم لیگ (ن)سندھ کی صدر زاہدہ بھنڈ ،کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری خواجہ طارق نذیر، جوائنٹ سیکرٹری نورخان اخوانزادہ ،میڈیا کوآرڈی نیٹر عبدالحمید بٹ ،خواجہ نیر سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔کارکنوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے
جن میں میاں نواز شریف کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے زاہدہ بھنڈ نے کہا کہ اگر میاں نواز شریف صادق اور امین نہیں ہیں تو پھر اس ملک میں کوئی بھی صادق اور امین نہیں ہوسکتا ہے۔پی ٹی آئی کی ایم این اے عائشہ گلالئی عمران خان کی اصلیت قوم کے سامنے لے آئی ہیں ۔ابھی تحریک انصاف کے مزید ارکان بھی عمران خان کے مغربی ایجنڈے کو بے نقاب کریں گے ۔مسلم لیگ (ن) کے ترقی کے جنون کے سامنے مخالفین خاک بن کر اڑ جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کردیا ہے کہ میاں نواز شریف کل بھی صادق اور امین تھے ،آج بھی ہیں اور کل بھی صادق اور امین ہی رہیں گے ۔سازشیں کرنے والے منہ دیکھتے رہ جائیں گے ۔ ہم قائد اعظم اور نواز شریف کے پاکستان کو مزید آگے سے آگے لے کر جائیں گے ۔مہناز اختر نے کہا کہ نواز شریف ایک مرتبہ پھر قوم کے سامنے سرخرو ہوگئے ہیں ۔عدالت میں مسلم لیگ کے قائد پر کرپشن کا ایک الزام بھی ثابت نہیں ہوسکا اور محض تنخواہ نہ لینے کی پاداش میں ان کو عہدے سے نااہل کردیا گیا ۔نواز شریف کا جرم ملک کو ترقی کی راہ پرڈالنا ہے اور یہ جرم مسلم لیگ کا ایک ایک کارکن کرتا رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے عوام عدالتی فیصلے کے بعد میاں نواز شریف سے اپنی محبت کا اظہار کررہے ہیں اور اس فیصلے نے ان کی محبت میں مزید اضافہ کردیا ہے ۔اگر کروڑوں دلوں کی دھڑکن صادق اور امین نہیں ہیں تو پھر اس ملک میں کوئی بھی صادق اور امین نہیں ہوسکتا ہے ۔اب ملک کا بچہ بچہ نواز شریف بن چکا ہے،آپ کتنے نواز شریفوں کو نااہل کرو گے ۔