نیب کے زیر التوا پڑے میگا اسکینڈل پر کارروائی عمل میں لای جائے‘ مشتاق خان

250
پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ نیب کے زیر التوا پڑے میگا اسکینڈل، قرضے معاف کروانے والوں اور پاناما لیکس میں شامل پانچ سو افراد کیخلاف عوامی، عدالتی اور میڈیا کے محاذ پر تحریک چلائیں گے۔ ’’احتساب سب کا‘‘ تحریک نواز شریف پر رکے گی نہیں بلکہ یہ تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک قومی دولت لوٹنے والوں، ٹیکس چوری کرنے والوں اور ملکی دولت باہر منتقل کرنے والوں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاتا۔ آئندہ تین مہینوں میں کرپشن کیخلاف صوبے کے طول و عرض میں بیس بڑے عوامی جلسے منعقد کریں گے، جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق خطاب کریں گے۔ جب تک کرپشن کے ناسور کو جڑ سے نہیں اکھاڑ پھینکتے، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی سے جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں کیا۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ پاناما کیس نے بڑے بڑے پردہ داروں کے چہروں سے نقاب اتار دیے ہیں۔ جماعت اسلامی نے کسی ایک فرد نہیں بلکہ سب کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔ نواز شریف کے احتساب کے بعد یہ سلسلہ رکنا نہیں چاہیے بلکہ مزید 500 افراد کو بھی احتساب کے عمل سے گزارنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کو لوٹنے والوں کو عبرتناک سزائیں دی جائیں اور قومی دولت باہر منتقل کرنے والوں کا سارا پیسہ واپس لایا جائے۔ ہم اگلے تین مہینوں میں عوام کرپشن کا مقدمہ عوام کی عدالت میں رکھیں گے اور اس سلسلے میں بڑے عوامی جلسے منعقد کریں گے۔ ان جلسوں میں عوام کو حکمرانوں کی کرپشن سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے۔ ان وسائل کو استعمال میں لایا جائے تو پاکستان قرض لینے والا نہیں بلکہ قرض دینے والا ملک بن سکتا ہے۔ قیادت کے فقدان کی وجہ سے پاکستان کے وسائل ضائع ہورہے ہیں۔ دیانتدار اور مخلص قیادت ہی ان وسائل کو استعمال کرکے پاکستان کو مسائل سے نکال سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کرپشن اور کرپٹ نظام کے خلاف ہے۔ سب سے پہلے جماعت اسلامی نے کرپشن کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ جماعت اسلامی کے پاس کرپشن سے پاک دیانتدار قیادت موجود ہے۔ عوام شفاف نظام اور دیانتدار قیادت کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔