نون لیگ کا پرویز خٹک کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا فیصلہ

455
پشاور(صباح نیوز)نواز شریف کی نااہلی کے بعد مسلم لیگ نون کی جانب سے وزیر اعلی پرویزخٹک کے خلاف مواخذے کی تحریک لانے کے لیے ٹاسک مسلم لیگ نون کے پارلیمانی لیڈر سردار اورنگزیب نلوٹھا کو سونپ دیا گیا ہے۔ قائد ایوان کی تبدیلی کے لیے مسلم لیگ ن کی جانب سے مولانا فضل الرحمان، اپوزیشن جماعتوں پیپلز پارٹی، اے این پی، پی ٹی آئی اور قومی وطن پارٹی سے بھی رابطے کیے جا رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطا بق نون لیگ کی جانب سے وزیر اعلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کے لیے مرکزی قیادت سے مشاورت بھی جاری ہے، اجازت ملتے ہی تحریک ایوان میں پیش کر دی جائے گی۔ قومی وطن پارٹی کی تحریک انصاف کی حکومت سے علیحدگی کے بعد وزیر اعلی پرویز خٹک کے لیے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ دوسری جانب ایم پی اے ضیااللہ آفریدی اور پی ٹی آئی کے دیگر ناراض ارکان کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پر پرویز خٹک کا ساتھ نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔